• Home
  • Our Team
  • About Us
  • Contact Us
Thursday, April 2, 2026
Jammu Kashmir News Service | JKNS
  • Home
  • Top Stories
  • Kashmir
  • Jammu
  • National
  • Business
  • Sports
  • Oped
  • World
No Result
View All Result
  • Home
  • Top Stories
  • Kashmir
  • Jammu
  • National
  • Business
  • Sports
  • Oped
  • World
No Result
View All Result
Jammu Kashmir News Service | JKNS
No Result
View All Result
Home اردو خبریں

تمثیلِ رفتہ — قسط نمبر65

انسانی تاریخ کا فیصلہ کن مرحلہ

محمد سلیم سالک by محمد سلیم سالک
April 2, 2026
in اردو خبریں
A A
تمثیلِ رفتہ — قسط نمبر65
FacebookTwitterWhatsapp

اگلے روزکلاس میں خاموشی تھی، مگر وہ خاموشی بے جان نہیں تھی۔ اس میں مٹی کی بو، وقت کی تہیں اور صدیوں کی سانسیں شامل تھیں۔ پروفیسر صاحب نے عینک کے پیچھے سے طلبہ پر ایک سرسری نگاہ ڈالی، جیسے یہ پرکھ رہے ہوں کہ کون صرف سن رہا ہے اور کون سمجھنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔ پھر وہ اسی تسلسل میں بولے جس پر پچھلی کلاس ختم ہوئی تھی ….گویا تاریخ میں کوئی وقفہ آیا ہی نہ ہو۔
”گوپھ کرال… نام ہی اپنے اندر ایک پورا باب سمیٹے ہوئے ہے۔ گوپھ یعنی غار، کرال یعنی کمہار۔ یہ محض لفظی ترکیب نہیں، ایک طرزِ حیات کی علامت ہے۔ یہاں کمہاروں نے رہائش اختیار کی….لیکن کسی وقتی پڑاو کے طور پر نہیں، بلکہ ایک منظم اور مسلسل زندگی کے طور پر۔“
پروفیسر صاحب گوپھ کرال (ترال) کے موضوع پر لگاتار گفتگوکررہے تھے ۔
” ماہرین آثارقدیمہ نے گوپھ کرال کو نیو نتھک دور سے تعبیر کرتے ہوئے اس کو تین ادوار میں تقسیم کیا ہے لیکن پہلے دورکا ارتقائی سلسلہ تین حصوں پر مشتمل ہے ۔
دور IA — بے ظروف نو حجری (Aceramic Neolithic)
دور IB — ابتدائی نو حجری (Early Neolithic)
دور IC — آخری / پختہ نو حجری (Late Neolithic)
اور آخر کے دو ادوار یوں ہیں ۔
دور II — میگالی لتھک (Megalithic)
دور III — تاریخی دور (Historical)
پروفیسر صاحب نے نہایت ہی آہستہ انداز میں اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نیولتھک دور کو ہم پہلے ہی برزہوم میں سمجھ چکے ہیں ۔“
نادیہ نے برجستہ کہا ۔
”سر…. نیولتھک دور کو سٹیون ایج بھی کہتے ہیں ۔“
پروفیسر صاحب نے مسکراتے ہوئے کہا ۔
”بے شک …. لیکن یہاں ایک نکتہ سمجھنے کی ضرورت ہے …. Aceramic Neolithic“
جذلان Aceramicلفظ کی وجہ سے تھوڑا بہت ساالجھ گیا تھا ۔اس سے پہلے کہ وہ پروفیسر صاحب سے اپنی الجھن کے بارے میں بتاپاتا کہ پروفیسر صاحب نے وہی سے Aceramicاصطلاح کی وضاحت کرنا شروع کردی۔
” Aceramic آثارِ قدیمہ کی ایک سائنسی اصطلاح ہے جو یونانی سابقے A- (بغیر) اور Ceramic (مٹی کے برتن) سے مل کر بنی ہے اور اس سے مراد وہ ثقافتی مرحلہ ہے جس میں انسان مستقل یا نیم مستقل طور پر رہتا تھا، آگ اور اوزار استعمال کرتا تھا، مگر مٹی کے برتن ابھی ایجاد نہیں ہوئے تھے۔“
دلیپ نے اصطلاح سمجھتے ہوئے کہا ۔
” سر …. کیا برزہوم میں Neolithic Aceramicدور نہیں ملتاہے ۔“
پروفیسر صاحب نے کچھ لمحے توقف کرتے ہوئے کہا ۔
” یہی وہ بات ہے جس کی وجہ سے اے کے شرمامانتے تھے کہ گوپھ کرال برزہوم سے قدیم تہذیب ہے ۔لیکن بعد کی تحقیق سے ثابت ہوگیا کہ برزہوم میں بھی Neolithic Aceramic دور موجود ہے۔
کلاس میں خاموشی چھا گئی۔ پروفیسر صاحب نے اہم نکتے پر زوردے کہا۔
”گوپھ کرال کی کھدائی کی سب سے اہم دریافت ایک واضح اور مستحکم بے ظروف نو حجری تہہ(Neolithic Aceramic ) کی موجودگی ہے، جس کی موٹائی 35 سینٹی میٹر سے 1.10 میٹر تک ہے۔ اسی دور سے اناج کے دانوں (Cereal Grains ) کی شناخت ہوئی، جو ابتدائی کاشتکاری کی طرف اشارہ کرتی ہے۔“
نادیہ نے سوال کرنے کے لئے ہاتھ اٹھایا۔
”سر …. کیا اس دور میں لوگ چاول کھاتے تھے ۔“
پروفیسر صاحب نے نادیہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ اس بارے میں کوئی مستند معلومات نہیں ہیں کہ گوپھ کرال کے لوگ چاول کھاتے تھے یا نہیں…. لیکن یہاں Cereal Grains سے مراد اناج کے وہ دانے ہیں جو گھاس نما پودوں سے حاصل ہوتے ہیں اور انسان کی بنیادی غذاوں میں شامل رہے ہیں، جیسے گندم، جو، چاول اور مکئی وغیرہ ۔ آثارِ قدیمہ کے تناظر میں یہ اصطلاح اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ انسان نے شکار پر انحصار کے ساتھ ساتھ منظم خوراک، کاشت اور ذخیرہ کا تصور اختیار کر لیا تھا۔
پروفیسرصاحب نے بات مکمل کرتے ہوئے کہا:
”گوپھ کرال کےNeolithic Aceramic دور کے حوالے سے حیوانی باقیات( faunal remains) کا مطالعہ بھی نہایت اہم ہے۔ ابتدائی مراحل میں جنگلی جانوروں کی تعداد غالب ہے، مگر درمیانی اور بالائی تہوں میں آہستہ آہستہ گھریلو جانوروں کی تعداد بڑھتی جاتی ہے۔ یہ تبدیلی محض معاشی نہیں، بلکہ سماجی اور ذہنی ارتقا کی علامت بھی ہے۔“
پروفیسر صاحب نے مارکر رکھا اور بولے:
”یہی وہ مقام ہے جہاں گوپھ کرالNeolithic Aceramic دور میں محض ایک ٹیلہ نہیں رہتا، بلکہ ہمیں انسانی تاریخ کے ایک طویل، منظم اور قابلِ مطالعہ سفر سے روشناس کراتا ہے۔اس دور کی دد بڑی نشایاں Cereal Grainsاورfaunal remainsکی شکل میں ملتی ہیں ۔
کلاس میں چند لمحوں کی خاموشی کے بعد جذلان نے کرسی سے ذرا آگے جھکتے ہوئے سوال کیا:
”سر… گوپھ کرال میں Neolithic Aceramicدور تاریخی طور پر کب کا ہوگا؟“
پروفیسر صاحب کے چہرے پر وہی سنجیدہ مسکراہٹ ابھری جو عموماً کسی درست اور بامعنی سوال پر آتی ہے۔ انہوں نے عینک درست کی اور بولے:
”بہت اچھا سوال ہے جذلان…گوپھ کرال میں Neolithic Aceramic دور، نیولتھک تہذیب کا وہ ابتدائی مرحلہ ہے جس میں برتن سازی ابھی رائج نہیں ہوئی تھی۔ اسی بنیاد پر ماہرینِ آثارِ قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ مرحلہ غالباً تیسری ہزار سال قبل مسیح کے آغاز، یعنی تقریباً 3000 قبل مسیح کے آس پاس کا ہوگا۔“
جذلان نے تاریخ سمجھتے ہوئے کہا ۔
” سر…. پھر تو برزہوم اورگوپھ کرال کا زمانہ لگ بھگ ایک ہی ہے ۔“
پروفیسر صاحب نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔
” بے شک …. برزہوم اور گوپھ کرال ایک ہی زمانے کی پیداوار ہے ،جس کو نیولتھک دور کہا جاتا ہے ،یعنی نیولتھک دور انسانی تاریخ کا وہ فیصلہ کن مرحلہ ہے جس میں انسان نے شکار اور خوراک جمع کرنے کی غیر مستقل زندگی ترک کر کے زراعت اور جانوروں کی domestication کو اختیار کیا، مستقل بستیاں قائم کیں، پالش شدہ پتھریلے اوزار استعمال کیے اور سماجی و معاشی تنظیم کی ابتدائی شکلیں وجود میں آئیں۔ برتن سازی اس دور میں اکثر بعد میں رائج ہوئی، اس لیے برتنوں کی عدم موجودگی کے باوجود یہ مرحلہ مکمل طور پرنیولتھک دورہی کہلاتا ہے۔
نادیہ نے بھی اپنی سمجھ کے مطابق بات آگے بڑھائی۔
” سر …. آسان لفظوں میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ نیولتھک دور کا پہلا حصہ مٹی کے برتنوں سے خالی تھا اور دوسرے حصے میں مٹی کے برتن باضابطہ طور پر اپنی جگہ بناچکے تھے ۔“
پروفیسر صاحب نے بات کو مزید واضح کرتے ہوئے کہا:
”بالکل صحیح نادیہ… نیولتھک دور کی پہچان مٹی کے برتن نہیں بلکہ زمین سے جڑی ہوئی زندگی ہے۔ جب انسان نے مستقل کھیتی، ذخیرہ اور رہائش اختیار کی تو برتن خودبخود وجود میں آئے….اس لیے برتن آغاز نہیں، نیولتھک زندگی کا منطقی انجام ہیں۔“ (جاری)

Previous Post

Fuel Supply Stable Across Country, States Asked to Ensure Vigilance: Petroleum Secretary

Next Post

SIA Chargesheets Accused in Thanamandi Attack for Sheltering LeT/TRF Terrorists

محمد سلیم سالک

محمد سلیم سالک

Next Post
SIA raids underway in Srinagar

SIA Chargesheets Accused in Thanamandi Attack for Sheltering LeT/TRF Terrorists

Leave a Reply Cancel reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

  • Home
  • Our Team
  • About Us
  • Contact Us
Dalgate, Near C.D hospital Srinagar Jammu and Kashmir. Pincode: 190001.
Email us: editorjkns@gmail.com

© JKNS - Designed and Developed by GITS.

No Result
View All Result
  • Home
  • Top Stories
  • Kashmir
  • Jammu
  • National
  • Business
  • Sports
  • Oped
  • World

© JKNS - Designed and Developed by GITS.

This website uses cookies. By continuing to use this website you are giving consent to cookies being used. Visit our Privacy and Cookie Policy.