قارئین دنیا میں وقت وقت پر مختلف بیماریاں نمودار ہوتی رہی ہیں ، جو قابل علاج ہونے کے باوجود بھی لوگوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ بن جاتی ہیں ۔ حال ہی میں کووڈ 19نے بھی لوگوں میں خوف پیدا کیا تھا حالانکہ احتیاط اور علاج سے اس عالمی وبائی بیماری پر قابو پانا ممکن ہوسکا تھا ۔ اسی طرح تپِ دق ایک مہلک اور متعدی مرض ہے جو مائیکو بیکٹیریم ٹیوبرکلوسس نامی جرثومے کے باعث لاحق ہوتا ہے۔ یہ بیماری بنیادی طور پر پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے، تاہم اس کے اثرات دماغ، ہڈیوں اور گردوں تک بھی پھیل سکتے ہیں۔ یہ جراثیم ہوا کے ذریعے ایک انسان سے دوسرے انسان تک منتقل ہوتے ہیں، جب متاثرہ شخص کھانستا، چھینکتا یا گفتگو کرتا ہے تو جراثیم دوسرے شخص میں منتقل ہوجاتے ہیں ۔ جدید طبی سہولیات میں اضافے کے باوجود تپِ دق آج بھی عالمی سطح پر ایک سنگین صحت کا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ عالمی ادار صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں نئے کیسز سامنے آتے ہیں، جو اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ مرض ابھی مکمل طور پر قابو میں نہیں آیا۔ یہی صورتحال اس امر کو اجاگر کرتی ہے کہ عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور معیاری طبی سہولیات تک رسائی ناگزیر ہے۔اگر اس بیماری کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو اس کے اثرات نہایت خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ابتدا میں یہ مسلسل کھانسی، سینے میں درد، بخار، رات کو پسینہ آنا، کمزوری اور بلا وجہ وزن میں کمی جیسی علامات کے ساتھ ظاہر ہوتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہے اور سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ اس بیماری پر قابو پانے میں ایک بڑا چیلنج ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہونے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ جب مریض مکمل علاج نہیں کرتے تو جراثیم عام ادویات کے خلاف مزاحمت اختیار کر لیتے ہیں، جس کے باعث علاج طویل، مہنگا اور کم مؤثر ہو جاتا ہے۔ ادویات کے خلاف مزاحم تپِ دق ایک عالمی خطرہ بن چکی ہے، جو اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ مریض ڈاکٹر کی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور علاج ادھورا نہ چھوڑیں۔
قارئین تپِ دق کے اثرات صرف جسمانی صحت تک محدود نہیں بلکہ اس کے گہرے سماجی پہلو بھی ہیں۔ کئی معاشروں میں یہ بیماری بدنامی اور غلط فہمیوں سے جڑی ہوئی ہے، جس کے باعث مریضوں کو امتیازی سلوک اور سماجی تنہائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بعض اوقات اپنے ہی گھر میں اجنبیت محسوس ہوتی ہے۔ یہی خوف لوگوں کو بروقت علاج سے دور رکھتا ہے، جس سے بیماری مزید پھیلتی ہے۔ یہ مرض خاندانوں اور کمیونٹی کی روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کرتا ہے۔ چونکہ یہ عموماً افراد کو ان کی پیداواری عمر میں متاثر کرتا ہے، اس لیے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہو جاتے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے جبکہ تیماردار ذہنی اور جسمانی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یوں یہ بیماری نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرتی ڈھانچے کو کمزور کر دیتی ہے۔معاشی لحاظ سے بھی تپِ دق ایک بڑا بوجھ ہے۔ طویل علاج کے دوران مریض اکثر روزگار سے محروم ہو جاتے ہیں، جس سے آمدنی میں کمی اور پیداواری صلاحیت میں تنزلی آتی ہے۔ اگرچہ کئی مقامات پر علاج مفت فراہم کیا جاتا ہے، مگر اس کے باوجود سفری اخراجات، مناسب غذا اور اجرت کے نقصان جیسے بالواسطہ اخراجات خاندانوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کے لیے یہ کافی مالی بوجھ بن جاتا ہے ۔ وسیع تر سطح پر حکومتوں کو اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صحت کے نظام، تحقیق اور آگاہی مہمات پر بھاری سرمایہ کاری کرنا پڑتی ہے۔ تشخیص، علاج اور روک تھام کے لیے مسلسل وسائل کی فراہمی اسے ایک بڑا طبی اور معاشی چیلنج بنا دیتی ہے۔
قارئین تپِ دق پر قابو پانے میں عوامی شعور کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر لوگوں کو اس مرض کی علامات، پھیلاؤ اور علاج کے بارے میں درست معلومات فراہم کی جائیں تو وہ بروقت تشخیص کی طرف راغب ہو سکتے ہیں اور خوف و غلط فہمیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ کمیونٹی سطح پر منعقد ہونے والے ہیلتھ کیمپس اور آگاہی پروگرامز خصوصاً دیہی اور پسماندہ علاقوں میں مریضوں کی نشاندہی اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ، بشمول اخبارات ،ٹیلی ویژن، ریڈیو اور سوشل میڈیا، بھی اس حوالے سے مؤثر ذریعہ ہیں جو بروقت ٹیسٹنگ، علاج کی پابندی اور سماجی تعاون کا پیغام عام کرتے ہیں۔ جب لوگوں کو یہ احساس ہو جائے کہ تپِ دق قابلِ علاج اور قابلِ روک تھام مرض ہے تو وہ نہ صرف بروقت علاج کرواتے ہیں بلکہ متاثرہ افراد کا ساتھ دینے میں بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔اس مرض کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے طبی اقدامات کے ساتھ سماجی ذمہ داری بھی ناگزیر ہے۔ جلد تشخیص اور بروقت علاج اس کے پھیلاؤ کو روکنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ بی سی جی ویکسین بچوں کو اس بیماری کی شدید اقسام سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ بہتر طرزِ زندگی، مناسب ہوا دار ماحول اور متوازن غذا بھی اس کے خطرات کو کم کرنے میں معاون ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ صحت کے نظام کو مضبوط بنانا اور ادویات کی مسلسل دستیابی یقینی بنانا بھی انتہائی ضروری ہے۔ تپِ دق ایک بڑا عوامی صحت کا چیلنج ضرور ہے، مگر بڑھتی ہوئی آگاہی، ذمہ دارانہ رویوں اور مضبوط طبی ڈھانچے کے ذریعے اس کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اگر ہم اس کے طبی اور سماجی دونوں پہلوؤں پر توجہ دیں تو ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔