ناظم تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کی صبح کی دعا، ان کی زندگی کو درست سمت دینے اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے یہ بات آج علی الصبح گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول پٹن میں مارننگ اسمبلی میں شرکت کے دوران طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کے ساتھ دعا میں شرکت کی اور تعلیمی و تدریسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جاری نشہ مکت ابھیان کے حوالے سے کہا کہ یہ مہم نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کے لیے انتہائی اہم اقدام ہے۔ بعد ازاں، ناظم تعلیم نے ادارہ کے سربراہ فیاض احمد ملک کے ہمراہ اسکول احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ میڈیا ایڈوائزر فیاض احمد فیاض اور دوردرشن کیندر سرینگر کے شعبہ خبر کے نیوز اینکر محمد اعظم بھی موجود تھے۔

