کپواڑہ // شمالی ضلع کپواڑہ کی تحصیل کرالپورہ میں شہلورہ پنزگام رابطہ سڑک کی مسلسل خستہ حالی کے باعث منزگام، پنزگام، باباپورہ، آلوسہ اور سلامت واڑی سمیت متعدد علاقوں کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے سڑک کی فوری مرمت اور بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالت میں ہے، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے افراد، طلبہ، مریضوں اور دیگر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام کے مطابق وہ گزشتہ تین سال سے سڑک کی مرمت کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں، تاہم ابھی تک عملی طور پر کام شروع نہیں ہو سکا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ آر اینڈ بی ڈویژن کرالپورہ کی جانب سے سڑک کی مرمت کے لیے فنڈز مختص کیے جانے کی بات کی جاتی رہی ہے، تاہم سڑک کی حالت میں تاحال کوئی نمایاں بہتری نہیں آئی ہے۔
اس سلسلے میں نمائندے نے ایم ایل اے کرناہ جاوید احمد مرچال سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کی بہتری کے لیے 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوکی بل، بالخصوص کرناہ اسمبلی حلقے سے منسلک سادھنا ٹاپ کے اُس پار واقع علاقوں کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کی بہتری کے لیے رقم منظور ہو چکی ہے اور جیسے ہی اس کی باقاعدہ الاٹمنٹ ہوگی، سڑک کی مرمت کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کے کچھ حصے کی حالت خراب ہے، جس کی مرمت اور بہتری کی ضرورت ہے۔
ادھر مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کپواڑہ اور محکمہ آر اینڈ بی سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لے کر مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

