• Home
  • Our Team
  • About Us
  • Contact Us
Friday, September 18, 2026
JKNS
No Result
View All Result
  • Home
  • Top Stories
  • Kashmir
  • Jammu
  • National
  • Business
  • Sports
  • Oped
  • World
  • Home
  • Top Stories
  • Kashmir
  • Jammu
  • National
  • Business
  • Sports
  • Oped
  • World
No Result
View All Result
JKNS | Jammu Kashmir News Service
No Result
View All Result
Home اردو خبریں

ادبی مرکز کمراز کی 47ویں سالانہ کانفرنس (قسط : 5)

محمد سلیم سالک by محمد سلیم سالک
September 17, 2026
in اردو خبریں
A A
ادبی مرکز کمراز کی 47ویں سالانہ کانفرنس (قسط : 5)
FacebookTwitterWhatsapp

قریباً تین بجنے والے تھے۔ پنڈال میں اب پہلے کی نسبت خاصی گہماگہمی تھی۔ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ تقریباً مکمل ہوچکا تھا اور سب کی نظریں اب افتتاحی نشست کی طرف تھیں۔ کچھ دیر پہلے تک جو محفل بے تکلف ملاقاتوں، قہوے، کلچوں اور کشمیری چھکری کی آواز میں گھلی ہوئی تھی، اب رفتہ رفتہ ایک باقاعدہ ادبی اجتماع کی صورت اختیار کررہی تھی۔
اسی دوران شفیع شاکر ڈائس پر نمودار ہوئے۔ ان کی آواز نے پنڈال کی منتشر توجہ کو یکجا کردیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ افتتاحی نشست کے مہمانِ خصوصی، ریٹائرڈ جسٹس بشیر احمد کرمانی تشریف لاچکے ہیں۔
یہ اعلان ہوتے ہی پنڈال کے ماحول میں ایک واضح تبدیلی محسوس ہوئی۔ جس شخصیت کے انتظار میں سب نگاہیں دروازے کی طرف لگی ہوئی تھیں، وہ اب ہمارے درمیان موجود تھی۔ شفیع شاکر نے نہایت سلیقے سے اگلے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا:
“میری گزارش رہے گی کہ ادبی مرکز کمراز کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر رفیق مسعودی اور صدر جناب محمد امین بٹ، مہمانِ خصوصی کی رفاقت میں مقتدر شخصیات کے ساتھ سب سے پہلے پینٹنگ ایگزبیشن کا افتتاح کریں گے۔ پینٹنگ ایگزبیشن کے نگران نوجوان مصور اور افسانہ نگار جناب رؤف قیاسی اس موقع پر معزز مہمانوں کو بریف کریں گے۔”
اعلان ختم ہوتے ہی پہلی صف میں تشریف فرما مقتدر شخصیات اپنی نشستوں سے اٹھیں اور مہمانِ خصوصی کی رفاقت میں پینٹنگ ایگزبیشن کی طرف روانہ ہوگئیں۔
میں نے شوکت صاحب کی طرف دیکھا اور کہا:
“ہم بعد میں چلتے ہیں۔”
انہوں نے بھی ہامی بھرلی۔
ہم دونوں اپنی نشستوں پر بیٹھے رہے۔
بظاہر یہ ایک معمولی سا فیصلہ تھا، مگر مجھے اس میں ایک خاص لطف محسوس ہوا۔ شاید ہم دونوں کسی افتتاحی تقریب کے رسمی ہنگامے میں فوراً شامل ہونے کے بجائے کچھ دیر اس منظر کو اپنی جگہ سے دیکھنا چاہتے تھے۔ ابھی تک ہم نے اس کانفرنس کو ایک ادبی اجتماع کی طرح محسوس کیا تھا۔ اب پہلی مرتبہ اس کے مختلف رنگ ہمارے سامنے باقاعدہ ترتیب اختیار کررہے تھے۔
پینٹنگ ایگزبیشن کی طرف جاتے ہوئے معزز شخصیات کا قافلہ آہستہ آہستہ ہماری نظروں سے اوجھل ہوگیا۔ سامنے اسٹیج تھا، اردگرد بیٹھے ہوئے سامعین تھے اور فضا میں افتتاحی نشست کے آغاز سے پہلے کا وہ مخصوص انتظار پھیل چکا تھا جس میں ہر شخص جانتا ہے کہ اب محفل اپنے اصل مرحلے میں داخل ہونے والی ہے۔
تقریباً ادبی مرکز کمراز کے سبھی کارکن معزز مہمانوں کے ہمراہ پینٹنگ ایگزبیشن دیکھنے چلے گئے تھے، لیکن ایک کارکن ایسا بھی تھا جو اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہوا۔ وہ اس وقت بھی اسٹیج کی تیاری میں پوری طرح منہمک تھا۔ کندھے پر ایک بیگ لٹکائے، بڑے طمطراق کے ساتھ کبھی اسٹیج کے ایک کونے کا جائزہ لیتا، کبھی دوسرے کونے کی طرف جاتا، کہیں کوئی چیز درست کرتا اور کہیں کسی چیز کی کمی محسوس ہوتی تو فوراً اس کی طرف متوجہ ہوجاتا۔
میں کچھ دیر اسے خاموشی سے دیکھتا رہا اور دل ہی دل میں سوچتا رہا کہ یہ شخص ریٹائرمنٹ کے بعد بھی نوجوانوں جیسی پھرتی کہاں سے لے آتا ہے! ہاتھ میں موبائل فون بھی تھا اور موقع ملتے ہی اسٹیج کی تیاری کے مختلف مراحل کی عکس بندی بھی کررہا تھا۔ نہ تھکن کا احساس، نہ یہ خیال کہ دوسروں کا کام ہے، نہ اس بات کی پروا کہ کون دیکھ رہا ہے اور کون نہیں۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر میں کس کی بات کررہا ہوں؟
تو جناب، میں بات کررہا ہوں جناب مجید مجازی کی۔
مجید مجازی صاحب بنیادی طور پر ڈراما نگار ہیں، لیکن ذاتی طور پر مجھے ان کی شناخت بحیثیت افسانہ نگار زیادہ پسند ہے۔ کوئی ایک دہائی قبل فکشن رائٹرس گلڈ کی ایک نشست میں ان کا افسانہ “روٹہ گامتی وری” سننے کا موقع ملا تھا۔ افسانہ ختم ہوا تو مجھے لگا کہ اس شخص کے پاس کہانی کہنے کا اپنا ایک الگ سلیقہ ہے۔ تب سے میں ان کا ایک طرح سے فین ہوگیا۔
مجید مجازی کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ ہر دل عزیز ہونے کے باوجود وہ عموماً پردے کے پیچھے رہنا پسند کرتے ہیں۔ محفل میں ان کی موجودگی ضرور ہوتی ہے، مگر وہ نمایاں ہونے کے بجائے کام کو نمایاں کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اس وقت بھی، جب تقریباً سبھی لوگ معزز مہمانوں کے ساتھ پینٹنگ ایگزبیشن دیکھنے گئے ہوئے تھے، مجازی صاحب اسٹیج کی تیاری میں مصروف تھے۔
میں انہیں دیکھ کر سوچ رہا تھا کہ ادبی تنظیمیں صرف اسٹیج پر بیٹھنے والے لوگوں سے نہیں چلتیں۔ ان کے پیچھے ایسے ہی لوگ ہوتے ہیں جو کرسیاں درست کرتے ہیں، مائیک دیکھتے ہیں، بینر سنبھالتے ہیں، تصاویر بناتے ہیں، مہمانوں کا خیال رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنا کام سمجھ کر دوسروں کا کام بھی انجام دیتے ہیں۔
تنظیمیں دراصل انہی خاموش اور بے لوث خدمت گزاروں کے دم سے آگے بڑھتی ہیں۔
ابھی مجید مجازی صاحب اسٹیج کی تیاری کو آخری شکل ہی دے رہے تھے کہ پنڈال میں موجود ایک نہایت محترم شخصیت نے کانفرنس کے موضوع کو لے کر ایک سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ موضوع اگرچہ جامع اور بامعنی ہے، لیکن قدرے طویل معلوم ہوتا ہے؛ اسے مختصر کرکے صرف “کاشر عقیدتی ادب” بھی کہا جاسکتا تھا۔
اس پر چند لمحوں کے لیے پنڈال میں ہلکی پھلکی چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔ کچھ لوگ عنوان کی طوالت اور جامعیت پر اپنی اپنی رائے دینے لگے۔ بات بظاہر صرف عنوان کے الفاظ تک محدود تھی، لیکن میرے ذہن میں خیال آیا کہ کسی علمی کانفرنس کا عنوان محض ایک جملہ نہیں ہوتا۔ وہ اپنے اندر پوری بحث کی سمت اور دائرۂ کار بھی متعین کرتا ہے۔
اور شاید یہی وجہ تھی کہ ایک مختصر سے عنوان کے امکان نے بھی اہلِ محفل کو چند لمحوں کے لیے گفتگو پر آمادہ کردیا۔
میں خاموشی سے یہ سب دیکھ رہا تھا۔ ایک طرف اسٹیج کی تیاری اپنے آخری مرحلے میں تھی، دوسری طرف کانفرنس کے موضوع پر ابتدائی گفتگو شروع ہوچکی تھی۔ محسوس ہورہا تھا کہ محفل اب صرف رسمی افتتاح کی منتظر نہیں، بلکہ اپنے فکری سفر کے آغاز کی طرف بڑھ رہی ہے۔(جاری)

Previous Post

کیرن میلہ 2026 کے گیارہویں روز نوجوان خواتین نے سنبھالا میدان، ٹیلنٹ، اعتماد اور کھیلوں کے جذبے کا شاندار مظاہرہ:

Next Post

Army Organises Inter-College Skit Competition On “Developing Kashmir” In Kupwara

محمد سلیم سالک

محمد سلیم سالک

Next Post
Army Organises Inter-College Skit Competition On “Developing Kashmir” In Kupwara

Army Organises Inter-College Skit Competition On “Developing Kashmir” In Kupwara

Leave a Reply Cancel reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

  • Home
  • Our Team
  • About Us
  • Contact Us
Dalgate, Near C.D hospital Srinagar Jammu and Kashmir. Pincode: 190001.
Email us: editorjkns@gmail.com

© JKNS - Designed and Developed by GITS.

No Result
View All Result
  • Home
  • Top Stories
  • Kashmir
  • Jammu
  • National
  • Business
  • Sports
  • Oped
  • World

© JKNS - Designed and Developed by GITS.

This website uses cookies. By continuing to use this website you are giving consent to cookies being used. Visit our Privacy and Cookie Policy.