قارئین،شمالی کشمیر کے سرحدی علاقوں کا ذکر آتے ہی عموماً لائن آف کنٹرول، دشوار گزار جغرافیہ اور ماضی کے نامساعد حالات ذہن میں آتے ہیں، لیکن ان علاقوں کی اصل پہچان صرف سرحدی محل وقوع تک محدود نہیں ہے۔ قدرت نے انہیں ایسے بے شمار حسن و جمال سے نوازا ہے جو سیاحت کے فروغ کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ لولاب کی سرسبز وادیاں، بنگس کے وسیع مرغزار، کرناہ اور کیرن کے دلکش مناظر، مڑھل کے پہاڑی راستے اور ٹیٹوال کی قدرتی خوبصورتی اس خطے کے ایسے اثاثے ہیں جن سے معاشی ترقی کے نئے امکانات وابستہ ہیں۔ گھنے جنگلات، بہتے چشمے، بلند پہاڑ، پھلوں کے باغات اور صدیوں پرانی مقامی روایات ان علاقوں کو ایک منفرد سیاحتی شناخت فراہم کرتے ہیں۔سڑکوں اور بنیادی سہولیات میں بہتری کے ساتھ ساتھ حالات میں بتدریج استحکام نے ان دیہات کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاحت کو محض تفریحی سرگرمی یا چند مقامات کی تشہیر تک محدود رکھنے کے بجائے اسے ایک منظم معاشی شعبے کے طور پر فروغ دیا جائے، جس کے ثمرات براہِ راست مقامی آبادی تک پہنچیں۔ اگر مناسب منصوبہ بندی اور عوامی شمولیت کے ساتھ اس شعبے کو آگے بڑھایا جائے تو شمالی کشمیر کے یہ دور افتادہ علاقے اپنی معاشی حالت بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔سیاحت کا سب سے نمایاں فائدہ یہ ہے کہ اس کے ذریعے مقامی سطح پر روزگار اور آمدنی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کے نزدیک آباد دیہات کے نوجوانوں کو عموماً محدود معاشی امکانات کا سامنا رہتا ہے۔ بعض خاندانوں کا انحصار چھوٹی زرعی زمینوں پر ہے، جہاں آمدنی کے وسائل بھی محدود ہوتے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں کے مواقع کم اور مقابلہ سخت ہے، جبکہ روزگار کی تلاش میں شہروں کا رخ کرنے والے نوجوانوں کو اپنے گھر، خاندان اور آبائی ماحول سے دور ہونا پڑتا ہے۔ ایسے حالات میں سیاحت ایک ایسا متبادل ذریعہ معاش بن سکتی ہے جس کے لیے کسی نوجوان کو اپنا گاؤں چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔مثال کے طور پر کوئی خاندان اپنے گھر کے اضافی کمروں کو سیاحوں کی رہائش کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ کوئی خاتون مقامی پکوان تیار کرکے سیاحوں کو پیش کر سکتی ہے، جبکہ کوئی نوجوان اپنی گاڑی کے ذریعے سیاحتی مقامات کی سیر کا انتظام کر سکتا ہے۔ اسی طرح مقامی دکانوں پر اخروٹ کی لکڑی سے بنی اشیا، روایتی قالین، دستکاری اور دیگر مقامی مصنوعات فروخت کی جا سکتی ہیں۔ یہ تمام سرگرمیاں بظاہر چھوٹے کاروبار ہیں، لیکن جب کئی خاندان ان سے وابستہ ہوتے ہیں تو پورے گاؤں کی معاشی سرگرمی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔سیاحت کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے اثرات صرف براہِ راست کاروبار کرنے والوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس سے وابستہ متعدد دوسرے شعبوں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔ معاشیات کی زبان میں اسے معاشی سرگرمی کا ضربی اثر کہا جاتا ہے۔ جب کوئی سیاح کسی گاؤں میں قیام کرتا ہے تو اسے رہائش، کھانے پینے، آمدورفت اور رہنمائی جیسی سہولیات درکار ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مقامی دستکاری یا یادگاری اشیا بھی خریدنا چاہتا ہے۔ یوں ایک سیاح کی آمد کئی گھرانوں کے لیے آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔اس سلسلے میں مقامی کسان سبزیوں اور دیگر زرعی اجناس کی فراہمی کے ذریعے فائدہ اٹھا سکتا ہے، جبکہ کوئی خاتون ہاتھ سے تیار کردہ شال یا دیگر روایتی مصنوعات فروخت کر سکتی ہے۔ مقامی گاڑیوں کے مالکان کو سواری فراہم کرنے کا موقع ملتا ہے اور نوجوان بطور ٹورسٹ گائیڈ اپنی خدمات پیش کر سکتے ہیں۔ اگر کسی نوجوان کو اپنے علاقے کی تاریخ، جغرافیہ، ثقافت اور پہاڑی راستوں کے بارے میں مناسب معلومات حاصل ہوں تو وہ سیاحوں کے لیے ایک قابل اعتماد رہنما بن سکتا ہے۔ اس طرح سیاحت سے حاصل ہونے والی رقم گاؤں کے اندر ہی مختلف ہاتھوں تک پہنچتی رہتی ہے اور مقامی معیشت کو مضبوط بناتی ہے۔حکومتی سطح پر بھی شمالی کشمیر کے ان امکانات کو تسلیم کیا گیا ہے۔ کپواڑہ ضلع میں ایکو ٹورازم، سرحدی سیاحت اور کمیونٹی بیسڈ ٹورازم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ ٹیٹوال، کیرن، مڑھل، لولاب اور بنگس جیسے مقامات پر سیاحوں کی سہولت کے لیے مراکز، گیسٹ ہاؤسز اور استقبالیہ عمارتوں کی تعمیر و بہتری کے منصوبے اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا مقصد صرف سیاحوں کو بہتر سہولیات دینا نہیں بلکہ ان دور افتادہ علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینا بھی ہے۔تاہم بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہی ترقی کی مکمل ضمانت نہیں ہوتی۔ اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب مقامی لوگوں کو ان منصوبوں کی منصوبہ بندی، انتظام اور ملکیت میں بھی مناسب حصہ دیا جائے۔ اگر سیاحتی مراکز تعمیر تو کر دیے جائیں لیکن ان سے پیدا ہونے والے کاروباری مواقع مقامی خاندانوں تک نہ پہنچیں تو ترقی کا بنیادی مقصد ادھورا رہ جائے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ مقامی نوجوانوں، خواتین، دستکاروں اور چھوٹے کاروباری افراد کو ابتدا ہی سے اس عمل میں شامل کیا جائے۔سیاحت کے شعبے میں مہارت اور تربیت کی اہمیت بھی بنیادی نوعیت کی ہے۔ محض ایک خوبصورت مقام یا جدید گیسٹ ہاؤس سیاحوں کو بار بار وہاں آنے پر آمادہ نہیں کر سکتا۔ انہیں معیاری رہائش، اچھا کھانا، مناسب رہنمائی اور محفوظ سفر جیسی سہولیات بھی درکار ہوتی ہیں۔ اگر ان خدمات کی فراہمی کے لیے تربیت یافتہ افراد موجود نہ ہوں تو قدرتی حسن کے باوجود سیاحتی سرگرمیاں محدود رہ سکتی ہیں۔اس مقصد کے لیے مقامی نوجوانوں اور خواتین کو مہمان نوازی، کھانا پکانے، بنیادی غیر ملکی زبانوں، ابتدائی طبی امداد، سیاحوں کی رہنمائی اور دستکاری کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔ اس سے نہ صرف خدمات کا معیار بہتر ہوگا بلکہ مقامی افراد کو باقاعدہ روزگار حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اسی طرح چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند خاندانوں کو آسان شرائط پر قرضے اور مناسب مالی معاونت فراہم کرنا ضروری ہے۔ کوئی خاندان اپنے گھر میں ایک اضافی کمرہ تعمیر کرنا چاہتا ہو، کوئی بہتر باورچی خانہ بنانا چاہتا ہو یا کوئی نوجوان دستکاری کی چھوٹی ورکشاپ قائم کرنے کا خواہش مند ہو، تو اسے مالی وسائل تک آسان رسائی ملنی چاہیے۔سیاحت کے فروغ سے مقامی ثقافت اور روایتی ہنر کو بھی نئی زندگی مل سکتی ہے۔ شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں میں نسل در نسل جاری رہنے والے کئی دستکاری کے شعبے آج معاشی مشکلات اور بدلتی ہوئی ترجیحات کے باعث محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ بید کی ٹوکریاں اور دیگر اشیا تیار کرنا، اخروٹ کی لکڑی پر نقش و نگاری، اون سے بنے ہوئے کپڑے، قالین اور کشیدہ کاری ایسے ہنر ہیں جو اس خطے کی تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔قارئین جب سیاح ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں تو وہ صرف قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے تک محدود نہیں رہتے بلکہ مقامی طرزِ زندگی، کھانوں، لباس اور دستکاری میں بھی دلچسپی لیتے ہیں۔ ایسے میں روایتی مصنوعات کے لیے ایک نئی منڈی پیدا ہو سکتی ہے۔ مقامی کاریگروں کو اپنی تیار کردہ اشیا براہِ راست خریداروں تک پہنچانے کا موقع ملے گا اور ان کے ہنر کی معاشی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔اس کے علاوہ مقامی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کے لیے میلوں، ثقافتی تقریبات اور دستکاری نمائشوں کا انعقاد بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسی تقریبات میں مقامی کھانوں، موسیقی، روایتی لباس اور فنونِ لطیفہ کو نمایاں کیا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا، سفری ویب سائٹس اور سیاحتی رسائل کے ذریعے ان سرگرمیوں کی تشہیر سے ان مقامات کی شہرت ان لوگوں تک بھی پہنچ سکتی ہے جو ابھی تک وہاں کا سفر نہیں کر سکے۔ یوں مقامی دستکاروں اور چھوٹے کاروباری افراد کے لیے گاہکوں کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔اس تمام تر امکانات کے باوجود سیاحت کے فروغ میں احتیاط اور دور اندیشی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پہاڑی علاقوں کا قدرتی ماحول نہایت حساس ہوتا ہے اور غیر منظم سیاحتی سرگرمیاں اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ اگر سیاحوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو اور اس کے مطابق انتظامات نہ کیے جائیں تو کچرے کے ڈھیر، پانی کی آلودگی، جنگلات کو نقصان اور قدرتی مقامات پر غیر ضروری تعمیرات جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحت سے مقامی اشیا اور رہائش کی قیمتوں میں اضافہ بھی ممکن ہے، جس کا بوجھ بالآخر مقامی باشندوں کو برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔قارئین یہاں ایک اور اہم خدشہ یہ ہے کہ سیاحت کے فوائد چند بااثر یا خوشحال خاندانوں تک محدود نہ رہ جائیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بڑے راستوں کے قریب آباد یا مالی وسائل رکھنے والے افراد نئے کاروباری مواقع سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں کے چھوٹے گھرانے اس ترقی میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اس عدم توازن کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ہوم اسٹے کی رجسٹریشن، قرضوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر سہولیات تک چھوٹے اور دور افتادہ خاندانوں کی بھی رسائی یقینی بنائی جائے۔ماحولیاتی تحفظ کو سیاحتی منصوبہ بندی کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ کچرے کو ٹھکانے لگانے کا مؤثر نظام، پانی کے قدرتی وسائل کی حفاظت، حساس مقامات کے قریب تعمیرات پر مناسب پابندیاں اور سیاحوں کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاحت ایسی ہونی چاہیے جو قدرتی حسن سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بھی رکھے۔اگر ان تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے تو شمالی کشمیر کے سرحدی دیہات اپنی سابقہ محرومیوں کو ایک نئی معاشی طاقت میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ جن علاقوں کو کبھی سرحد سے قربت اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے نظرانداز کیا جاتا تھا، وہی علاقے مستقبل میں اپنی منفرد جغرافیائی حیثیت اور قدرتی حسن کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔ آج دنیا بھر میں ایسے مقامات کی اہمیت بڑھ رہی ہے جہاں سیاح مصنوعی تفریحی ماحول کے بجائے فطرت، مقامی تہذیب اور روایتی زندگی کا حقیقی تجربہ حاصل کر سکیں۔لولاب، بنگس، کیرن، مڑھل اور ٹیٹوال جیسے مقامات میں یہ تمام خصوصیات موجود ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ انہیں مناسب سہولیات، بہتر رابطہ کاری اور مؤثر تشہیر کے ذریعے سیاحتی نقشے پر نمایاں کیا جائے۔ اس عمل میں مقامی آبادی کو محض سیاحوں کی میزبانی کرنے والا طبقہ نہیں بلکہ ترقی کے پورے عمل کا بنیادی حصہ سمجھنا ہوگا۔شمالی کشمیر میں سیاحت کا اصل مقصد صرف سیاحوں کی تعداد بڑھانا یا نئے سیاحتی مراکز تعمیر کرنا نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس کے ذریعے مقامی معیشت کو مضبوط، نوجوانوں کو خود کفیل اور روایتی ہنر کو زندہ کرنا بھی ضروری ہے۔ اگر اس شعبے کو ماحول دوست، منصفانہ اور عوامی شمولیت پر مبنی بنیادوں پر ترقی دی جائے تو یہ خطے کی معاشی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سب سے بڑی کامیابی یہی ہوگی کہ یہاں کے نوجوان روزگار کی تلاش میں اپنے آبائی علاقوں سے دور جانے کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے اپنے ہی گاؤں میں بہتر مستقبل تعمیر کر سکیں۔ سیاحت انہیں نہ صرف آمدنی کا ذریعہ فراہم کر سکتی ہے بلکہ اپنی زمین، ثقافت اور شناخت سے وابستہ رہتے ہوئے ترقی
کرنے کا ایک باوقار موقع بھی دے سکتی ہے۔