پیرزادہ سعید
کرناہ //کرناہ کپوارہ شاہراہ پانچ روز تک گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند رہنے کے بعد یکطرفہ طور پر بحال ہو چکی ہے۔اس دوران انتظامیہ نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی شاہراہ پر سفر کریں اس بیچ انتظامیہ نے کہا ہے کہ آج کرناہ سے چوکیبل کی طرف گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہو گی ۔معلوم رہے کہ کرناہ کپوارہ شاہراہ پر بھاری برف باری ہوئی ہے اور سادھنا درے پر قریب پانچ فٹ برف جمع تھی۔پانچ روز تک لگاتار محکمہ بیکن نے سڑک سے برف ہٹانے کی کارروائی عمل میں لائی اگرچہ اس دوران بیکن کو کام کے دوران کافی دقتیں پیش ائیں البتہ کام کو روکنے کے بجائے شاہراہ کو بحال کرنے میں کامیابی حاصل کی اور آج چوکی بل سے کرناہ کےلئے گاڑیوں کو چھوڑا گیا شام دیر گئےتک 70کے قریب مسافر اور مال بردار گاڑیاں کرناہ پہنچی ان گاڑیوں میں وہ مسافر بھی تھے جو پچھلے پانچ روز سے کپوارہ اور وادی کے دیگر علاقوں میں درماندہ ہو کر رہ گئے تھے ۔ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے اپنے ایک آفس سے ایڈوائزی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موسم سازگار ہونے کی صورت میں گاڑیوں کو کرناہ سے کپوارہ کی طرف جانے کی اجازت ہو گی ۔انہوں نے ایڈوائزی میں ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ وہ خفاظتی اقدام کے بغیر گاڑیاں نہ چلائیں کیونکہ چین کے بغیر گاڑیوں کو چلنے میں پریشانی آتی ہے ۔جبکہ مسافروں سےتلقین کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کرناہ کپواڑہ شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ شاہراہ پر پسیاں اور پتھر گر آنے کے سبب اُن کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔جبکہ سفر کرنے سے قبل انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبرات سے رابطہ قائم کریں