پیرزاد
کرناہ //پچھلے ایک ہفتے کے دوران کرناہ کپواڑ ہ شاہراہ صرف 2دن تک بحال رہنے کے بعد پھر سے گذشتہ 2روز سے گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند ہو کر رہ گئی ہے کیونکہ ناساز موسمی صورتحال کی وجہ سے انتظامیہ کو شاہراہ اختیاطی طور پر بند رکھنی پڑی کیونکہ شاہراہ پر تازہ 2فٹ برف جمع ہو چکی ہے اور اس طرح شاہراہ پر نئی اور پرانی 5 فٹ برف جمع ہوئی ہے ،آخری اطلاعات ملنے تک سادھنا ٹاپ اور اس کے گردنواح کے علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔شاہراہ کے بند رہنے کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار سے 2 مریضوں کو سرینگر جانے کا مشوارہ دیا گیا ہے لیکن سادھنا کے بند ہونے سے یہ مریض سرینگر نہیں پہنچائے جا سکتے ہیں ۔انچارج بلاک میڈیکل افسر ٹنگڈار ڈاکٹر بشیر نے بتایا کہ مریضوں کو سرینگر منتقل کرنے کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے ۔جبکہ سرینگر کے پی سی آر میں بھی کرناہ کے ایک شہری قاری محمد رفیع کی میت بھی پچھلے 2 روز سے وہاں درماندہ ہے اس کو بھی کرناہ پہنچانے میں اس کے لواحقین کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں ۔جبکہ کرناہ کی ایک میت کو دہلی سے یہاں لانے کی کوشش بھی ہو رہی ہے کنڈی کا رہنے والا ایک شہری وہاں ٹرین حادثہ میں لقمہ اجل بن گیا تھا ۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مریضوں اور نعشوں کو کرناہ پہنچانے کےلئے چاپر سروس کا بندو بست کیا جائے ۔اس دوران انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ لگاتار موسم خراب ہونے کی وجہ سے چاپر سروس کی بحالی میں دقتیں پیش آرہی ہیں کیونکہ خراب موسم میں ہیلی کاپٹر اڑان نہیں بھر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر لگاتار پسیاں اور برفانی تودے گر رہے ہیں اور شاہراہ کی بحالی بھی خراب موسمی صورتحال میں ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی موسم میں تبدیلی آئے گی تو شاہراہ کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ حکام سے ہوائی سروس کو بھر سے بحال کرنے کی سفارش کی جائے گی ۔اس دوران ایس ڈی ایم آفس سے ایک ایڈوائزی جاری ہوئی ہے جس میں لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بالائی علاقوں کا سفر نہ کریں اور اگر انہیں کسی بھی جگہ کوئی مشکلات پیش آتی ہیں تو وہ فوری طور پر انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے کنٹرول روم پر رابطہ قائم کریں ۔