پیرزادہ سعید
کرناہ//کرناہ کپوارہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے 6روز بعد بحال کر دیا گیا۔یہ سڑک بھاری برف باری کے نتیجے میں بند ہو گئی تھی ۔شاہراہ پر پانچ فٹ برف جمع ہے ۔شاہراہ کی بحالی کے بعد آج سینکڑوں مسافر اور مریض کپوارہ پہنچے ہیں ۔معلوم رہے کہ حکام نے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی تھی، تاہم اس خطرے کے باوجود بیکن نے 53کلو میٹر سڑک کی بحالی کا کام انجام دیا ۔کل شام ہی اگرچہ محکمہ بیکن نے اس سڑک کو بحال کیا تاہم خونی نالہ کے مقام پر دوبارہ چار کلو میٹر کے دائرے میں متعدد برفانی تودے گر آئے جس کی وجہ سے ایک بار پھر اس شاہراہ کو بند کرنا پڑا ،تاہم بیکن اتھارٹی کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں آج صبح شاہراہ کی بحالی کےلئے آپریشن شروع کیا گیا جو کامیاب ہوا اور صبح کے وقت سینکڑوں گاڑیاں جن میں مسافر مریض طلاب شامل تھے کرناہ سے کپوارہ پہنچے ۔انتظامیہ آج کرناہ سے کپوارہ یکطرفہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی تھی ۔بیکن کے مطابق شاہراہ کی بحالی میں رکاوٹیں خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے پیش آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں شاہرہ کو بحال کر دیا جاتا ہے البتہ بھاری برف جمع ہونے کے چلتے یہاں برفانی تودوں کے گرنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔اس دوران انتظامیہ نے شاہراہ پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ بغیر چین یعنی خفاظتی انتظام کے بغیر گاڑیوں کو نہ چلائیں۔