پیر زادہ سعید
کرناہ // محکمہ موسمیات کے پیشگوئی کے عین مطابق کرناہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے نتیجے میں کرناہ کپواڑہ شاہراہ گاڑیو ں کی آمد ورفت کےلئے بند ہو کر رہ گئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ سادھنا ٹاپ پر تازہ 1فٹ سےزیادہ برف ریکارڈ کی گئی ہے ،جبکہ خونی نالہ کے مقام پر پسیاں اور پتھر گرنے کی اطلاعات ہیں ۔شاہراہ کے بند رہنے کے پیش نظر فوج کی اگنی ویر بھرتی میں شامل ہونے والے4اُمیدواروں سمیت 11افراد سادھنا ٹاپ پر درماندہ
ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں وادی پہنچانے کےلئے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق کپواڑہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔سنیچر کوپورا دن کرناہ ،کے ٹنگڈار اور ٹیٹوال بلاکوں میں بارشیں ہوئی ہیںجبکہ یہ سلسلہ اتوار کو بھی پورا دن جاری رہا جس کے نتیجے میں نہ صرف ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا بلکہ ان علاقوں میں گلی کوچے بھی پانی سے بھر گئے ۔اسی طرح دور افتادہ علاقوں جن میں گھنڈی سیداں سے گھنڈی گجراں ، چترکوٹ سے چامبرہ ، ہری ڈل سڑکوں پر ایک بار پھر پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کے سبب گاڑیوں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع کے بالائی علاقے جن میں پھرکیاں ٹاپ ، سادھنا ٹاپ ، بنگس وادی ، شمس بھری پہاڑی ، راگنی اور ٹایا میں تازہ برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔تازہ برف باری کے پیش نظر دن کے درجہ حرارت میں جہاں شدید کمی واقعہ ہوئی ہے۔ وہیں ضلع کو کرناہ سے ملانے والی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت میں بھی خلل پڑا ہے اور خراب موسمی صورتحال کے چلتے انتظامیہ نے لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس شاہراہ پر اختیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کو بند کر دیا ہے، کیونکہ وہاں برف باری سے پیساں اور پتھر گرنے کا اہتمام ہے ۔تازہ اطلاعات ملنے تک شاہراہ پر ڈنا ، سادھنا ٹاپ ،موریاں ،خوانی نالہ کے مقامات پر 8انچ سے ایک فٹ کے قریب برف جمع ہو چکی ہے ۔انتظامیہ نے لوگوں سے تعلق کی ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پسیاں اور پتھر وں کے گرنے سے نقصان ہو سکتا ہے ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ کرناہ کے قریب 4نوجوان جو فوج کی اگنی ویر بھرتی میں شرکت کےلئے وادی آرہے تھے سمیت 11افراد بھی سادھنا تک پہنچ کر وہاں درماندہ ہیں اور حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں وادی پہنچانے کےلئے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔فوج کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ایسے اُمیدوار سادھنا تک پہنچ چکے ہیں اور ،کٹھن موسمی صورتحال اور ان کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالنے کے پیش نظر انہیں ابھی تک آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور جیسے ہی موسم بہتر ہو گا انہیں آگے جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ افسر نے بتایا کہ اگر موسم ایسا ہی رہا تو سادھا پر انہیں رہنے کی جگہ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اُن کی ہر ممکن مدد کےلئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر 1فٹ کے قریب برف جمع ہے اور خونی نالہ کے مقام پر پسیاں بھی گر رہی ہیں ۔