پیرزادہ سعید
کرناہ// صحت کے تئیں عوام کو بیدار کرنے والے جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے کرناہ کے متعدد علاقوں میں مفت میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کیا گیا۔طبی کیمپوں میں ماہر ڈاکٹروں نے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔ ان کمپوں میں بزرگوں، بچوں اور خواتین کی بھی خاصی تعداد نے شرکت کی اور طبی کیمپ سے مستفید ہوئے ۔ اتوار کے روز لائن آف کنٹرول کے ٹیٹوال علاقے کے پریمئر ہیلتھ سنٹر میں جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح ٹرسٹ کے چیئرمین اشتیاق احمد بیگ نے کیا۔ اس موقع پر جے کے ای ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین شیخ مجید اور کرناہ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی پیرزادہ سعید بھی موجود تھے۔اس میڈیکل کیمپ میں قریب 3سومریصوں کا علاج ومعالجہ کیا گیا جبکہ ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گیں۔سوموار کو دوسرے روز بھی کرناہ کے بڑون علاقے میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ایسے علاقوں کے مریضوں کا مفت علاج کرنا تھا جنہیں طبی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ اس کیمپ میں قریب 200مریضوں کا علاج کیا گیا اور انہیں مفت ادویات اور مشورے دیئے گے ۔ کیمپ میں آئے مریضوں نے جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس طرح کے کیمپس سے غریب عوام کو فائدہ ملتا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا بہتر معائنہ کیا، ان کی تشخیص کی اور انہیں مفید مشوروں سے نوازا۔ لوگوں نے کیمپ کے دوران ادویات مفت تقسیم کئے جانے کے عمل کی بھی سراہنا کی۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید کیمپس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔
جی آر بیگ میموریل کے چیف سرپرست ٹرسٹ، فاطمہ رسول بیگ نے ایس ڈی ایم ٹنگڈار ظفر احمد لون اور ڈاکٹر فاروق قریشی، بی ایم او ٹنگڈار کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس دور افتادہ علاقے میں تقریب کی سہولت فراہم کرنے میں تعاون کیا۔

