پیرزادہ سعید
کرناہ // کرناہ میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں اور یہاں تیسرے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔
اے پی آئی اور غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی نے کرناہ اسمبلی حلقے کےلئے اگرچہ ابھی تک اپنے امیدواروں کے نام ظاہر نہیں کئے، البتہ باقی بڑی تمام پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کے نام ظاہر کر دیئے ہیں، جنہوں نے گھر گھر الیکشن مہم شروع کی ہوئی ہے اور ووٹران کو اپنی جانب لبہانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔نیشنل کانفرنس نے اس بار سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمان کی جگہ سابق ایم ایل سی جاوید مرچال کو ٹکٹ دیا ہے۔جاوید مرچال اس سے قبل اپنی پارٹی کا حصہ تھے اور انہوں نے حال ہی میں نیشنل کانفرنس کا دامن تھاما اور ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔جبکہ سابق ایم ایل اے کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور اپنی پارٹی کی ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں پیپلز کانفرنس نے نئے چہرے کا انتخاب کیا ہے اور اب علاقے کے معروف معالج اور میڈیکل کالج سرینگر کے سابق پروفیسر ڈاکٹر نصیر احمد اعوان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے ان کے نام پر مہر لگا دی ہے ۔بی جے پی کی جانب سے ادریس کرناہی الیکشن لڑ رہے ہیں جن کے نام کا اعلان ہوا ہے ۔محمد ادریس کرناہی پیشے سے أستاد تھے، جنہوں نے حال ہی میں اپنی نوکری سے استعفا دیا اور باضابطہ طور پر بی جے پی کے حق میں اپنی سیاسی مہم شروع کی ۔پی ڈی پی نے اگرچہ کرناہ سے امیدورار کا انتخاب نہیں کیا البتہ کرناہ اسمبلی حلقہ کےلئے پارٹی نے سادھنا پار کے امیدوار فردوس احمد میر جو کہ اس سے قبل بی ڈی سی رہ چکے ہیں ان کے حق میں اعتماد ظاہر کیا۔کرناہ اسمبلی حلقے میں آخری مرحلے کے تحت پولنگ ہو رہی ہے جہاں قریب 60ہزار سے زیادہ رائے دہندگان یکم اکتوبر کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔معلوم رہے کہ نئی حدبندی کے بعد کرناہ اسمبلی حلقہ کے ساتھ سادھنا پار کے کچھ ایک علاقوں کو بھی جوڑا گیا ہے۔ان علاقوں میں،بڈنمل بالا ۔بڈنمل پائین۔ گنڈ زینہ ریشی۔ کھن بل۔منچھتر ۔منزپتھر۔پنزگام۔۔ راوتھ پورہ۔۔ سونتی پورہ ۔۔شالورہ۔۔ الوسہ ۔رڈی پنزگام ۔چوکی بل شامل ہیں۔جبکہ اس سے قبل کرناہ کے ساتھ کیرن کو جوڑا گیا تھا جس کو الگ کر کے ترہگام اسمبلی حلقہ کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔کرناہ میں 70پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔کرناہ میں سیاسی ماحول اس قدر گرم ہے کہ یہاں جوڑ توڑ کی سیاست بھی ہو رہی ہے کچھ لیڈران ناراض ہیں تو کچھ لوگوں کو اپنی طرف راغب کرنے کےلئے سیاسی ہتکنڈے اپنا رہے ہیں ۔کچھ ایک نوجوان بھی اس بار ازاد امیدوار کے طور پر میدان میں کود پڑے ہیں اور اب دیکھنا یہ ہو گا کہ کرناہ اسمبلی حلقے میں کون سا امیدوار بازی مارے گا ۔