پیرزادہ سعید
کرناہ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ سوموار کو دن بھر جاری رہا۔کرناہ کی سادھنا ٹاپ پر تازہ اٹھ انچ برف جمع ہوچکا ہے اور پورا دن یہاں برف باری کا سلسلہ جاری رہا اس بیچ سرینگر سے کرناہ آرہی ایس آر ٹی سی بس میں سوار مسافروں کو أس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب سادھنا ٹاپ کے نزدیک خونی نالہ کے مقام پر پہنچ کر بس برف میں پھنس گئی ۔گاڑی میں مرد خواتین اور بچے سوار تھے ۔سادھنا ٹاپ پر قائم فوجی چوکی میں تعینات فوجی اہلکاروں کو جیسے ہی یہ معلوم ہوا تو انہوں نے سخت حالات کے باوجود تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا اور سادھنا ٹاپ شیلٹر میں منتقل کیا، جہاں فوج نے ان کےلئے گرمی کا بندوبست کیا جس سے پھنسے ہوئے مسافروں کو سردی سے راحت ملی۔مسافروں اور کرناہ کے لوگوں نے اس کارروائی کےلئے فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں بھارتی فوج یہاں کے لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے ۔ایم ایل اے کرناہ جاوید احمد مرچال نے بھی فوج کے ساتھ تعاون کیااور اس ریسکیو اپریشن کےلیے فوج سے مدد طلب کی اور برگیڈ کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔

