سرینگر، 03فروری2025/ ریلوے، اطلاعات و نشریات اور الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر جناب اشونی وشنو نے آج ریل بھون نئی دہلی سے ایک ویڈیو پریس کانفرنس کے ذریعے جموں و کشمیر کے میڈیا سے خطاب کیا۔ بات چیت کے دوران، وزیر موصوف نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مرکزی بجٹ 2025 میں یو ٹی مخصوص دفعات کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کی۔وزیر موصوف نے بتایا کہ بجٹ میں جموں و کشمیر کے لیے 844 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو خطے میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے اور سڑک رابطوں کو مزید بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔جناب ویشنو نے کانفرنس کے دوران جموں و کشمیر میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کٹرہ-سرینگر ریلوے لائن کے لیے تمام ضروری جانچ کے عمل مکمل ہو چکے ہیں اور جلد ہی تجارتی آپریشن شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے جموں ریلوے اسٹیشن کی جاری تعمیر نو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک بار مکمل ہونے کے بعد جموں اور سرینگر کے درمیان براہ راست ریلوے رابطہ کام شروع کر دیا جائے گا۔وزیر موصوف نے ریلوے الیکٹریفیکیشن میں کی گئی اہم پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2014 سے اب تک کل 344 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو برقی بنایا گیا ہے، جس سے جموں و کشمیر میں ریلوے ٹریک کو 100% برقی بنایا گیا ہے۔ جموں ریلوے اسٹیشن پر سرینگر کے آگے سفر کے لیے مسافروں کو ٹرینوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں، جناب ویشنو نے وضاحت کی کہ یہ ضرورت مختلف علاقوں اور موسمی حالات کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا منصوبہ ان عوامل کو ذہن میں رکھتے ہوئے بنایا جا رہا ہے تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔مالیاتی اور ترقیاتی بصیرت فراہم کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا کہ 2014 سے، جموں و کشمیر میں کل 135 کلومیٹر نئی ریلوے پٹریوں کی تعمیر کی گئی ہے، جس سے علاقائی رابطے اور رسائی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چار بڑے ریلوے سٹیشن بڈگام، جموں توی، کٹرا اور ادھمپور کو ’امرت سٹیشن‘کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جن پر کل 292.5 کروڑ روپے لاگت آئے گی جسے مسافروں کی سہولیات اور اسٹیشن کے بنیادی ڈھانچے میں اضافہ یقینی بن جائے گا۔ جناب ویشنو نے مزید کہا کہ بجٹ مختص اور ترقیاتی منصوبے جموں و کشمیر میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خطے میں رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی لگن کی تصدیق کرتے ہیں۔