سرینگر، 12 فروری: اندر کلچرل فورم سوناواری کے زیر اہتمام گورنمنٹ مڈل اسکول اندرکوٹ سمبل میں عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں نامور ادبا، شعراء اور قلمکاروں نے شرکت کی اور مادری زبان کے تحفظ و فروغ پر زور دیا۔
اس موقع پر فورم کے صدر سلیم یوسف چلکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان اور ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا، “جو قوم اپنی زبان اور ثقافت کا تحفظ کرتی ہے، وہ ہر سطح پر کامیابی حاصل کرتی ہے، جبکہ اپنی زبان کی قدر نہ کرنے والی قومیں جلد زوال پذیر ہو جاتی ہیں۔”
تقریب میں شعری اور ادبی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعراء اور ادیبوں نے مادری زبان کی اہمیت اور اس کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنے کے لیے تعلیمی اداروں اور والدین کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مادری زبان کے تحفظ کے لیے تعلیمی نصاب میں اس کی شمولیت، جدید ذرائع ابلاغ میں اس کا فروغ اور عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔