کرناہ// حالیہ برف باری کے نتیجے میں بند ہوئی کرناہ کپوارہ شاہراہ کی بحالی کا کام موسم سازگار ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا ۔شاہر مسلسل تیسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند رہی جبکہ علاقے میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہے تاہم محکمہ بجلی کی ٹیمیں بحالی کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ اس دوران
تحصیلدار کرناہ محمد امین بٹ نے حالیہ برفباری کے تناظر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا انتظامیہ نے برف ہٹانے اور سڑکوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں جہاں برف کی وجہ سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، وہاں ٹیمیں فعال ہو چکی ہیں اور انہوں نے دیہاتوں میں سڑکوں کو کھولنے اور عوامی خدمات کی بحالی میں تیز رفتار کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔محمد امین بٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان متاثرہ علاقوں میں جہاں سڑکیں بند ہیں یا سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو یاد دلایا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ برفباری کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔تحصیلدار نے اس بات کی یقین دہانی بھی کروائی کہ تمام ضروری خدمات کی بحالی کے لیے متعلقہ محکمے پوری طرح متحرک ہیں اور عوام کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے جلد از جلد ان کا حل فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام تعاون کریں گے اور حکام کے ساتھ مل کر اس مشکل وقت کا سامنا کریں گے۔