سری نگر، 01 مارچ (جے کے این ایس) :- جموں و کشمیر حکومت نے فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکرٹری) اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، شانت مانو(آئی اے ایس) کو بطور عبوری انتظام جموں کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے چیئرمین اور سٹیٹ کمشن فار ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگس کے ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (GAD) کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم کے مطابق، جو جے کے این ایس کے پاس موجود ہے، “جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن ایکٹ 1975 (ایکٹ نمبر XXVIII of 1975) کی دفعہ 12 کی ذیلی دفعہ (1) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، حکومت نے حکم دیا ہے کہ شانت ماَنو، آئی اے ایس (AGMUT:1991)، فنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکرٹری)، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، جے کے بی او ایس ای کے چیئرمین اور اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT)، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر کے فرائض بھی اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ عبوری طور پر انجام دیں گے، جب تک کہ مزید احکامات جاری نہ ہوں۔”
یہ تقرری ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب موجودہ چیئرمین پروفیسر پرکشت سنگھ منہاس کی مدت میں دی گئی ایک ماہ کی توسیع 25 فروری کو ختم ہو گئی تھی۔ منہاس کو 25 جنوری 2023 سے دو سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا اور ان کی مدت 25 جنوری 2025 کو ختم ہونی تھی، تاہم وزیر اعلیٰ کی جانب سے کوئی باضابطہ توسیع نہ ہونے کے باوجود جے کے حکومت نے ان کی مدت میں ایک ماہ کی عارضی توسیع کی تھی، جو 25 فروری کو مکمل ہو گئی۔
ادھر، جموں و کشمیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے جے کے بی او ایس ای چیئرمین اور ایس سی ای آر ٹی ڈائریکٹر کے عہدوں کے لیے 14 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا ہے، جنہیں 5 مارچ کو انٹریکشن کے لیے بلایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جے کے حکومت نے 13 دسمبر 2024 کو سرچ کمیٹی کی تشکیل نو کی تھی تاکہ ان عہدوں کے لیے موزوں امیدواروں کی سفارش کی جا سکے۔ یہ کمیٹی ایگریکلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، جس میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (SED)، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (GAD)، اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (HED) کے نمائندے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، کشمیر یونیورسٹی (KU) اور جموں یونیورسٹی (JU) کے وائس چانسلرز بھی اس پینل کا حصہ ہیں۔—(جے کے این ایس)