کرناہ //کرناہ میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ہونے والی بھاری برف باری سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے جہاں بجلی سپلائی متاثر ہے وہیں سڑکیں بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند ہو گئی ہیں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم سازگار ہونے کے بعد ہی بحالی کا کام انجام دیا جائے گا ۔سادھنا ٹاپ پر 7 فٹ، جبکہ بنگس، درنگیاڑی، دودی، ٹاتا اور دیگر پہاڑی علاقوں میں 9 فٹ برف جمع ہو چکی ہے اور بھاری برف باری کے باعث کرناہ کپوارہ سڑک مزید چھٹے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کےکے بند رہی، نیجتاً سینکڑوں مسافر درماندہ ہیں،جن کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے علاقے کی دکانوں پرماہ رمضان کے مقدس مہینے میں اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔بھاری برفباری کے سبب جاڈہ جبڑی، گبرہ، ہجتراہ، چرکونجی، امروہی اور ٹاد سمیت کئی سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند ہو چکی ہیں۔ عوام پہلے ہی چھ روز سے بجلی سے محروم تھے، اور اب تازہ برفباری کے بعد حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔ انورٹر اور سولر سسٹم بھی جواب دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں مریضوں سے زیادہ موبائل چارج کرنے والوں کا رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مقامی لوگوں کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کے نتیجے میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تاجر طبقہ اور طلاب کو بھی سخت دقتیں پیش آرہی ہیں
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دو دنوں تک موسم صاف تھا، لیکن اس دوران بھی انتظامیہ سڑکوں اور بجلی کی بحالی کے لیے کوئی اقدامات نہ کر سکی۔ عوام نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑکیں کھل سکیں، بجلی بحال ہو، اور روزمرہ زندگی معمول پر آ سکے۔

