کرناہ //بھاری برف باری کے نتیجے میں بند ہوئی کرناہ کپواڑہ شاہراہ کی بحالی 7ویں روز بھی بحال نہیں ہو سکی ہے جبکہ بجلی سپلائی بھی درہم برہم ہے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم سازگار ہونے کے بعد کرناہ کپوارہ شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کیا گیا اور 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام آج شام تک مکمل کر کے شاہراہ پر گاڑیوں کی امد ورفت بحال کی جائے گی ۔سادھنا ٹاپ پر 7 فٹ تازہ برف جمع ہے اور شاہراہ کی بحالی میں بیکن حکام کو دقتیں پیش آتی ہیں شاہراہ کے بند ہونے کے نتیجے میں سینکڑوں مسافر درماندہ ہیں،جن کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔اور ایسے لوگ انتظامیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ شاہراہ کے کھلنے سے قبل ان کے لئے چاپر سروس کا بندوبس کیا جائے ۔ادھر علاقے کی دکانوں پرماہ رمضان کے مقدس مہینے میں اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔بھاری برفباری کے سبب جاڈہ جبڑی، گبرہ، ہجتراہ، چرکونجی، امروہی اور ٹاد سمیت کئی سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند ہو چکی تھی تاہم آج متعدد علاقوں کی سڑکوں سے برف ہٹا کر انہیں گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بحال کردیا گیا ۔ عوام پہلے ہی 7 روز سے بجلی سے محروم تھے، اور تازہ برفباری کے بعد حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔ انورٹر اور سولر سسٹم بھی جواب دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں مریضوں سے زیادہ موبائل چارج کرنے والوں کا رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مقامی لوگوں کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کے نتیجے میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تاجر طبقہ اور طلاب کو بھی سخت دقتیں پیش آرہی ہیں ۔کئی ایک تاجروں کا کہنا ہے کہ ان کے کام کا دارومدار انٹرنیٹ پر منحصر ہے لیکن جب بجلی ہی نہیں تو پھر ان کا کام کیسے چل سکتا ہے ۔ عوام نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑکیں کھل سکیں، بجلی بحال ہو، اور روزمرہ زندگی معمول پر آ سکے۔ممبر اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال نے بتایا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور موسم سازگار ہو جانے کے بعد سڑک کی بحالی اور بجلی کی بحالی کیلئے اقدامات کئے گے اور اگلے کچھ وقت میں سڑک بحال ہو گئی اور بجلی سپلائی بھی لوگوں کو فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو بھی خراب موسمی صورتحال میں سادھنا پر جانے کی اجازت نہیں دے سکتے تھے کیونکہ وہاں برفانی تودے گر سکتے تھے جس کی وارننگ جاری کردی گئی تھی ۔انہوں نے کہا عوام کو صبر سے کام لینا چائے اور ہم لوگوں کےلئے ہی کام کر رہے ہیں ۔