سری نگر، 6 مارچ (جے کے این ایس): پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جمعرات کو سری نگر میں جموں و کشمیر اسمبلی میں 13 جولائی 1931 کے شہداء سے متعلق دیے گئے ریمارکس کے خلاف احتجاج کیا۔
خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کے مطابق، میڈیا سے بات کرتے ہوئے التجا مفتی نے کہا، “13 جولائی 1931 وہ دن تھا جب جموں و کشمیر میں جمہوریت کی جدوجہد کا آغاز ہوا۔ یہاں کے عوام نے جمہوری اصولوں کے لیے قربانیاں دیں، بالکل اسی طرح جیسے ملک کے دیگر حصوں میں لوگ کر رہے تھے، فرق صرف یہ تھا کہ یہاں کی جدوجہد ایک مقامی حکمران کے خلاف تھی۔”
انہوں نے اسمبلی اسپیکر عبدالرحیم راتھر کی جانب سے متنازع ریمارکس کو حذف کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سنیل شرما سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی سیاسی مقاصد کے لیے تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔
بی جے پی کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے التجا مفتی نے کہا، “اگر وہ واقعی مہاراجہ ہری سنگھ کا احترام کرتے ہیں، تو پھر انہوں نے جموں و کشمیر کے ریاستی پرچم، اس کے آئین اور الحاق کے وقت طے شدہ خصوصی حیثیت کو کیوں ختم کیا؟”
پی ڈی پی نے 13 جولائی کو سرکاری تعطیل کے طور پر بحال کرنے کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے بی جے پی حکومت پر جموں و کشمیر کی تاریخی شناخت مٹانے کی کوشش کا الزام لگایا۔
(جے کے این ایس)