کرناہ// گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنگڈار نے 104 شکتی وجے بریگیڈ کے اشتراک سے خواتین کے قومی تعمیر میں کردار کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بامعنی اور حوصلہ افزا پروگرام ’’تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا۔پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر 104 شکتی وجے بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈنٹ کرنل سدھیپ بوس نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ہر وقت عوام کی مدد کے لیے تیار ہے اور معاشرے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہی ایک مضبوط و تعلیم یافتہ قوم کی ضمانت ہے۔تقریب میں دو سو سے زائد طلبہ، اساتذہ اور کالج اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ افتتاحی کلمات ڈاکٹر ظہور احمد نے ادا کیے، جب کہ پروگرام کی نظامت کے فرائض پروفیسر صدف نے انجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر اشفاق لون نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔کرنل بوس نے کالج کے پہلے پانچ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامی رقم سے نوازا اور ان کے تعلیمی جذبے کی تعریف کرتے ہوئے دیگر طلبہ کو بھی محنت کی تلقین کی۔ڈاکٹر بلال تانترے نے پروگرام کی کامیابی کے لیے طلبہ اور منتظمین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جب کہ کالج کے پرنسپل پروفیسر مشتاق وانی نے اس طرح کے سماجی اہمیت کے حامل پروگرام کے انعقاد پر بھارتی فوج، خصوصاً 104 شکتی وجے بریگیڈ کا شکریہ ادا کیا۔یہ پروگرام نہ صرف خواتین کی تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کا باعث بنا بلکہ نوجوان نسل کو ایک ترقی یافتہ اور باشعور معاشرے کے فعال رکن بننے کی تحریک بھی فراہم کی۔