کلاروس لشٹیال، محکمہ جل جیون مشن (JJM) کے تحت کلاروس لشٹیال میں جاری فلٹریشن پلانٹ سے ایس آر (SR) تک واٹر سپلائی اسکیم میں ناقص اور غیر معیاری کام سامنے آیا ہے،
جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔
ذرائع کے مطابق، اسکیم میں استعمال ہونے والا فلٹریشن پلانٹ ناکارہ ہے جبکہ پانی کی پائپ لائن سڑک کے اوپر سے بچھائی گئی ہے،
جس سے راہگیروں اور ٹرانسپورٹروں کو سخت دقتوں کا سامنا ہے۔
انڈرگراؤنڈ پائپ لائن نہ ہونے کی وجہ سے یہ کام غیر محفوظ اور غیر پائیدار قرار دیا جارہا ہے۔
علاوہ ازیں، اسکیم کے تحت جو اسٹوریج ریزروائر (SR) تعمیر کیا جارہا ہے، وہ ابھی مکمل بھی نہیں ہوا کہ پہلے ہی اس میں نقصان سامنے آیا ہے۔
اس حوالے سے جب ایک نمائندے نے محکمہ کے انجینئر سے فون پر رابطہ کیا تو انجینئر کا کہنا تھا کہ وہ “موقع کا معائنہ کریں گے”۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انجینئر اکثر کام کے دوران موقع پر موجود نہیں ہوتے اور زمینی سطح پر کام کی نگرانی کا فقدان ہے۔ سرکار عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے،
لیکن بدقسمتی سے نچلی سطح کے افسران اور ٹھیکیدار مبینہ طور پر ملی بھگت سے ناقص کام کرتے ہیں، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوامی پیسہ ضائع ہونے سے بچایا جا سکے اور لوگوں کو معیاری سہولیات فراہم ہو سکیں۔