سری نگر | جموں و کشمیر | جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے آج چرار شریف میں حضرت نورالدین نورانی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ پر حاضری دی اور بعد میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے گیسٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھا۔ چیئرپرسن وقف نے دربار عالیہ میں نو تعمیر شدہ چھتر کا بھی افتتاح کیا۔ ان کے ساتھ وقف بورڈ کے ارکان ڈاکٹر غلام نبی حلیم، سید محمد حسین حقانی اور بورڈ کے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ اشتیاق محی الدین بھی موجود تھے۔بعد ازاں اندرابی نے پکھر پورہ کا دورہ کیا اور حضرت بابا علی اعلیٰ بلخی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ پر حاضری دینے کے بعد یہاں سبات اور سینیٹری کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ نورخانہ کی اپ گریڈیشن کے لیے بی ڈبلیو او پینلنگ اور پالشنگ کےکام کی بھی شُرُوعات وقف چیئرپرسن نے کی۔ ڈاکٹر اندرابی نے نو تعمیر شدہ مرد و خواتین کے وضو بلاک کو بھی لوگوں کے لیے وقف کیا۔دورے کے دوران ڈاکٹر درخشاں نے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں جگہوں پر میڈیا کے نمائندوں سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وقف بورڈ کے ترقیاتی اقدامات مسلسل جاری ہیں اور اس ممتاز روحانی مقام چرار شریف میں ایک گیسٹ ہاؤس کے بارے میں لوگوں کی طرف سے مطالبہ کیا گیا تھا اور آج اسی پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ “سرینگر میں درگاہ حضرت بل کے بعد یہ اسی طرح کا ایک اور منصوبہ ہے جو درگاہ پر آنے والے لوگوں کے لیے قیام کی مطلوبہ سہولیات فراہم کرے گا۔ تعمیر و ترقی اب جموں و کشمیر وقف بورڈ کا مترادف بن گیا ہے”، ڈاکٹر درخشاں نے کہا۔ دونوں مقامات پر لوگوں نے وقف بورڈ کے ترقیاتی اقدامات کی ستائش کی۔