جموں و کشمیر انتظامیہ فوجی اہلکاروں کے مسائل کے بروقت اور منظم حل کے لیے ایک مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم کرنے میں سنجیدہ
سرینگر:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نےیوٹی اور بیرونِ ریاست خدمات انجام دینے والے فوجی اہلکاروں کے لیے ایک نئی پہل کے تحت ’لیفٹیننٹ گورنر کا سینک سہائتا کیندر‘ (ایل جی ایس ایس کے) قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مسلح افواج اور مرکزی نیم فوجی دستوں سے وابستہ اہلکاروں کی شہری نوعیت کی شکایات کا باضابطہ اور مؤثر ازالہ ممکن بنانا ہے۔یہ کیندر حکومت کے حکم نامہ نمبر 933-JK(GAD) مؤرخہ 17 جولائی 2025 کے تحت قائم کیا گیا ہے، جو نہ صرف جموں و کشمیر میں تعینات فوجیوں بلکہ ان اہلکاروں کی بھی معاونت کرے گا جو ریاست سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس وقت ملک کے دیگر حصوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔سینک سہائتا کیندر دراصل ایک ’ونڈو‘ سسٹم کے طور پر کام کرے گا جہاں فوجی اہلکار اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔ اس کے بعد ان شکایات کا جائزہ لے کر متعلقہ سول یا پولیس حکام سے رابطہ کر کے ان کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ کیندر کی ذمہ داریوں میں افسران سے ملاقاتوں کا بندوبست، زیر التوا معاملات پر پیروی، کارکردگی کی نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ کی تیاری، اور ہر سہ ماہی میں لیفٹیننٹ گورنر کو رپورٹ پیش کرنا شامل ہے۔کیندر فوری طور پر جموں اور سرینگر میں سول سیکریٹریٹ کے دفاتر سے اپنا کام شروع کرے گا۔ اس کی بہتر کارکردگی کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ ہر مقام پر دو ماہر اہلکار فراہم کرے گا جو ڈیٹا انٹری، فائل مینجمنٹ، اور شکایات کی پیروی جیسے امور انجام دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی کمپیوٹر سسٹمز اور دیگر ضروری ساز و سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ اسٹیٹس محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جموں و سرینگر کے سیکریٹریٹ میں کیندر کے لیے موزوں جگہ فراہم کرے۔کیندر کی عملی تشکیل کے لیے جن افسران کو اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ان میں شامل ہیں: شری پراسَنّا راما سوامی جی (آئی اے ایس)، سیکریٹری، قبائلی امور محکمہ؛ شری افلاق احمد (جے کے اے ایس)، انڈر سیکریٹری، مال محکمہ؛ اور شری ابھیمنیو سنگھ (جے کے اے ایس)، منیجر-کم-پروٹوکول آفیسر، رہائشی کمیشن، جموں و کشمیر حکومت، نئی دہلی۔لیفٹیننٹ گورنر کا یہ اقدام اس بات کی علامت ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ریاستی فوجی اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی عزت و توقیر کو ترجیح دیتے ہوئے ان کے مسائل کے بروقت اور منظم حل کے لیے ایک مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم کرنے میں سنجیدہ ہے۔