شوپیاں، 11 اگست:
’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت محکمہ اطلاعات و عوامی تعلقات (ڈی آئی پی آر) شوپیاں نے، کلچرل یونٹ ڈی آئی پی آر جموں و کشمیر اور ضلعی انتظامیہ زینہ پورہ کے اشتراک سے آج ہائر سیکنڈری اسکول زینہ پورہ میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں رنگا رنگ ترنگا فوٹو اور سیلفی نمائش کے ساتھ ساتھ ایک سلسلہ وار ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے جن کا مقصد عوام میں قومی فخر اور حب الوطنی کے جذبات کو پروان چڑھانا تھا۔تقریبات کا آغاز این آئی پی ایس زینہ پورہ اور ایچ ایس ایس زینہ پورہ کے طلبہ کی پیش کش سے ہوا، جس کے بعد مقامی فنکاروں نے کلچرل یونٹ ڈی آئی پی آر جموں و کشمیر اور ڈی آئی پی آر شوپیاں کی سرپرستی میں موضوعاتی ثقافتی پروگرام پیش کیے۔
’ہر گھر ترنگا‘ کے جذبے پر مبنی پرجوش اسکیٹس نے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔
خصوصی تصویری نمائش اور سیلفی بوتھ ڈی آئی پی آر شوپیاں کی جانب سے قائم کیے گئے، جنہوں نے زائرین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ لوگ جذبۂ محبت، عزت اور اتحاد کی علامت ترنگے کے ساتھ یادگار لمحے قید کرتے رہے۔
بعد ازاں ایک جوش و خروش سے بھرپور ترنگا ریلی نکالی گئی جو ہائر سیکنڈری اسکول زینہ پورہ سے ایس ڈی ایم آفس تک، مین مارکیٹ سے گزرتی ہوئی پہنچی۔ اس میں طلبہ، سرکاری افسران اور مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی اور گلی کوچے حب الوطنی کے رنگ میں رنگ گئے۔
اس موقع پر ایس ڈی ایم زینہ پورہ نے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی پرچم فخر سے لہرائیں، تاکہ یہ اتحاد، سالمیت اور ملک کی خودمختاری کا عہد ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا محض ایک کپڑے کا ٹکڑا نہیں بلکہ ہماری مشترکہ قربانیوں، شاندار ورثے اور ایک مضبوط و متحد ہندوستان کے اجتماعی خوابوں کی علامت ہے۔
’ہر گھر ترنگا‘ مہم 2 اگست سے 15 اگست تک جاری ہے، جس کا مقصد ہر شہری کو آزادی اور قومیت کے جذبے کے جشن میں بھرپور شمولیت پر آمادہ کرنا ہے۔ تقریب میں ایس ڈی ایم زینہ پورہ، بلال احمد (ڈی آئی او)، شوکت حسین گنائی، ایس ڈی پی او زینہ پورہ وسیم احمد، بی ڈی او زینہ پورہ طارق احمد، ڈپٹی سی ای او شوپیاں، پرنسپل ایچ ایس ایس زینہ پورہ اعجاز احمد وانی، فاروق احمد، ایس ایچ او زینہ پورہ غازی گیلانی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔