کپواڑہ: ضلع کپواڑہ کے سرحدی علاقے مژھل میں جدید خطوط پر تزئین و آرائش کے بعد چنار یوتھ اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ سینٹر کا 26 جون 2026 کو باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ یہ مرکز سرحدی دیہات کے عوام، بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔یہ منصوبہ بھارتی فوج کی ایک اہم کاوش ہے، جبکہ مرکز کی دو عمارتوں کی تعمیر و ترقی روٹری کلب آف بمبئی سینٹرل کے مالی تعاون سے ممکن ہوئی۔ مزید برآں، بھارتی فوج نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے ایک جدید کارپٹ ویونگ ٹریننگ لیب بھی قائم کی ہے، جس کا مقصد روایتی قالین بافی کے ہنر کو فروغ دینا اور محفوظ رکھنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تزئین و آرائش کے بعد یہ مرکز جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جن میں ڈیٹا اینالیٹکس لیب نمایاں ہے، جہاں بیک وقت 24 نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا سکتی ہے۔ اس لیب کا مقصد ڈیجیٹل انڈیا مہم کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے۔ نمایندے نے کپوارہ سے تفصیلات فراہم کرے ہوے بتایا کہ یہ مرکز میں قائم کارپٹ ویونگ لیب روایتی دستکاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی ہنرمندوں کو جدید تربیت فراہم کرے گی، جبکہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے سلائی اور کڑھائی (اسٹیچنگ اینڈ ٹیلرنگ) لیب بھی قائم کی گئی ہے۔نوجوانوں میں جدت اور تعلیم کے فروغ کے لیے مرکز میں ایک انکیوبیشن لیب بھی قائم کی گئی ہے، جس میں جدید لائبریری، اسمارٹ کلاس روم اور انٹرنیٹ جیسی سہولیات دستیاب ہیں تاکہ طلبہ اور نوجوان جدید علوم اور ڈیجیٹل وسائل سے مستفید ہو سکیں۔ اس کے علاوہ بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے ایک منی پلے ایریا بھی تعمیر کیا گیا ہے، جس سے یہ مرکز ہر عمر کے افراد کے لیے ایک جامع تربیتی و تعلیمی مرکز بن گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران اعلان کیا گیا کہ مرکز میں نوجوانوں کے لیے ڈیٹا اینالیٹکس، پیپر ماشے، فوڈ کرافٹ انسٹی ٹیوٹ (جموں) کے مختلف کورسز جبکہ خواتین کے لیے قالین بافی، سلائی و کڑھائی کے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ بچوں کے لیے اسپوکن انگلش اور مختلف مضامین کی خصوصی کوچنگ کلاسز بھی شروع کی جائیں گی۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ مرکز علاقے میں سماجی و معاشی ترقی کو نئی رفتار دے گا، روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور مقامی آبادی کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔مقامی باشندوں، خصوصاً نوجوانوں نے بھارتی فوج اور دیگر معاون اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے ان کے خوابوں کو نئی اُڑان ملی ہے اور انہیں ہنر سیکھ کر خود روزگار کے قابل بننے کا ایک بہترین موقع فراہم ہوا ہے۔

