وندہامہ لار ضلع گاندربل میں آج عظیم صوفی بزرگ، جلیل القدر عالمِ دین اور روحانی پیشوا حضرت پیر محمد سید دلگیر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرس مبارک نہایت مذہبی عقیدت، واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس بابرکت موقع پر حضرت کے آستانۂ عالیہ پر دن بھر روح پرور مذہبی و روحانی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں، علماء کرام، مشائخ عظام اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے زائرین نے شرکت کی
عرس کی مناسبت سے قرآن خوانی خطمات المعظمات، درودو اذکار اور اجتماعی دعاؤں اور ذکر و فکر کی خصوصی مجالس منعقد ہوئیں۔ حاضرین نے حضرت پیر محمد سید دلگیر رحمۃ اللہ علیہ کی دینی، روحانی، اخلاقی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمات کو موجودہ معاشرے کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اولیائے کرام کی زندگیاں محبت، اخوت، امن، رواداری، انسان دوستی اور اللہ تعالیٰ کی بندگی کا عملی نمونہ ہیں
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت پیر محمد سید دلگیر رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی اشاعت، اخلاقی تربیت اور معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ کے لیے وقف رکھی، جس کے اثرات آج بھی عوام الناس میں نمایاں طور پر محسوس کیے جاتے ہیں
عرس مبارک میں شریک عقیدت مندوں نے آستانۂ عالیہ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، اجتماعی دعاؤں میں شرکت کی اور ملک و ملت، جموں و کشمیر کے امن، خوشحالی، ترقی اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں
انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے تھے، جن کی عوام نے سراہنا کی۔ پورا ماحول روحانیت، عقیدت اور محبتِ رسول ﷺ کے جذبات سے معطر رہا، جبکہ اختتام پر اجتماعی دعاؤں کے ساتھ عرس مبارک کی تقریبات اپنے اختتام کو پہنچیں
