کرناہ//جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے آنے والے یومِ آزادی (15 اگست) کی تقریبات کے پیش نظر گورنمنٹ ڈگری کالج کرناہ میں قومی پرچم کے احترام، لہرانے کے درست طریقۂ کار اور فلیگ کوڈ آف انڈیا، سے متعلق ایک خصوصی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں جموں و کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی ڈی آر گلزار احمد گورنمنٹ ڈگری کالج کرناہ کے پرنسپل اسد اللہ خان، زونل ایجوکیشن آفیسر ٹنگڈار شاہ محمد، رانا مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقررین نے قومی پرچم کی تاریخی، آئینی اور قومی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترنگا صرف ایک جھنڈا نہیں بلکہ ملک کی خودمختاری، اتحاد، قربانی اور قومی وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی پرچم کا مکمل احترام کرے اور اس کے استعمال کے دوران فلیگ کوڈ آف انڈیا کی تمام ہدایات پر عمل کرے۔
شرکاء کو عملی طور پر بھی بتایا گیا کہ قومی پرچم کو کس انداز میں لہرایا جائے، اسے اتارنے، محفوظ رکھنے اور استعمال کرنے کے دوران کن اصولوں کا خیال رکھا جائے تاکہ اس کی عزت و وقار ہر حال میں برقرار رہے۔
اس موقع پر جموں و کشمیر پولیس کے افسران نے کہا کہ یومِ آزادی قومی اتحاد، حب الوطنی اور قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، لہٰذا تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، طلبہ اور عوام کو چاہیے کہ وہ قومی پرچم کے احترام کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں اور آزادی کی تقریبات میں بھرپور اور باوقار انداز میں حصہ لیں۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے قومی پرچم کے احترام اور فلیگ کوڈ آف انڈیا پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا

