ٹنگڈار/کپواڑہ، 3 اگست: آرمی گڈوِل اسکول (اے جی ایس) وین، کپواڑہ کے طلبہ نے آرمی گڈوِل اسکول حاجینار، ٹنگڈھار میں منعقدہ بین المدارس (انٹر اے جی ایس) کوئز مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اسکول اور ضلع کپواڑہ کا نام روشن کیا۔
یہ کوئز مقابلہ کارگل جنگ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے، طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور قومی شعور کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں سرحدی علاقوں کے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
مقابلے میں آرمی گڈوِل کے چھ اسکولوں سے مجموعی طور پر 40 طلبہ نے حصہ لیا۔ اے جی ایس وین کی جانب سے آٹھ طلبہ نے دو ٹیموں کی صورت میں شرکت کی۔ پہلی ٹیم میں جماعت ششم تا ہشتم جبکہ دوسری ٹیم میں جماعت نہم اور دہم کے طلبہ شامل تھے۔
اے جی ایس وین کے طلبہ نے اپنی غیرمعمولی معلومات، حاضر جوابی، اعتماد اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں زمروں میں نمایاں کارکردگی پیش کی، جس پر انہیں خوب سراہا گیا۔
اس کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ اے جی ایس وین تعلیمی معیار، عمومی آگاہی اور طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہ مقابلہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ آرمی گڈوِل اسکولوں کے ذریعے بھارتی فوج سرحدی علاقوں کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کو نکھارنے، قیادت کی خصوصیات پیدا کرنے اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے

