سری نگر، 5 اگست: فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) جموں و کشمیر نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مرکز کے مختلف اضلاع میں خصوصی معائنہ و نمونہ برداری مہم جاری رکھتے ہوئے 175 معائنے انجام دیے اور 142 غذائی اشیاء کے نمونے لیبارٹری جانچ کے لیے حاصل کیے۔
سرکاری بیان کے مطابق یہ معائنے جموں، سانبہ، ادھم پور، ریاسی، کٹھوعہ، پونچھ، راجوری، اننت ناگ، کولگام، پلوامہ، بانڈی پورہ، سری نگر، گاندربل، کپواڑہ، شوپیاں اور بارہمولہ اضلاع میں کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حاصل کیے گئے 142 نمونوں میں 88 تیار شدہ غذائی اشیاء، بالخصوص ہوٹلوں اور ریستورانوں میں فروخت ہونے والے گوشت اور گوشت سے تیار مصنوعات کے نمونے شامل ہیں، جبکہ 54 نمونے مٹھائی تیار کرنے والی اکائیوں اور خوردہ دکانوں سے حاصل کیے گئے تاکہ ان کے معیار اور غذائی تحفظ سے متعلق مختلف پہلوؤں کی جانچ کی جا سکے۔
معائنہ ٹیموں نے اس دوران متعلقہ اداروں میں صفائی، حفظانِ صحت، خوراک کی محفوظ ذخیرہ اندوزی اور دیگر فوڈ سیفٹی ضوابط پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔
ایف ڈی اے کے مطابق صفائی اور حفظانِ صحت کے معیارات کی خلاف ورزی پر چار فوڈ بزنس آپریٹروں کو امپروومنٹ نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ سات فوڈ بزنس آپریٹروں کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کی دفعہ 69 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور اس کے تحت نافذ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ایف ڈی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء سے متعلق شکایات ٹول فری ہیلپ لائن 104 یا ای میل cfsjandk.fnd@jk.gov.in پر درج کرائیں۔
