کرناہ// کرناہ میں یومِ آزادی کی تقریبات مختلف مقامات پر جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائی گئیں۔ مرکزی تقریب باغِ بیلا ہاجی ناڑ ہلی پیڈ پر منعقد ہوئی، جہاں ایس ڈی ایم کرناہ ریاض احمد نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔تقریب میں این سی سی، فائر پروٹیکشن فورس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور پولیس کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بھی پروگرام پیش کیے اور تقریب میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔اپنے خطاب کے دوران ایس ڈی ایم کرناہ نے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کرناہ میں بھی مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور کرناہ تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، محکمہ جل شکتی اور دیگر محکموں کے تحت متعدد اہم منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناہ میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے اور ہر گھر تک سڑک رابطہ پہنچانے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔تقریب میں ایس ایچ او کرناہ، تحصیلدار کرناہ، زیڈ ڈی او چھمکوٹ، زیڈ ڈی او ٹنگڈار، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر، ایکسن جل شکتی بلاک ڈیولپمنٹ افسر ٹنگڈار منصف جج کرناہ 104 انفنٹری بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر بھی موجود تھے۔اس موقع پر سابق ایم ایل اے راجا منظور، سول سوسائٹی کے ارکان، بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان، سابق سرپنچوں، لمبرداروں اور علاقے کے دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں مقررین نے یومِ آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قومی یکجہتی، بھائی چارے اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا۔اس دوران محتلف محکمہ جات میں شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں اور کلچرل پروگرام میں شاندار مظاہرہ کرنے والوں کو اعزاز سے نوازہ گیا ۔

