نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی نشہ خوری کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے “Say No to Drugs, Yes to Life” کے عنوان کے تحت 7 نومبر 2026 کو دلکش ڈرامٹک کلب کی جانب سے اقبال پبلک ہائی اسکول، صورہ میں ایک خصوصی تھیٹر پروگرام پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کو محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (DIPR) نے اسپانسر کیا تھا۔
اس موقع پر معروف تھیٹر شخصیت حکیم جاوید کے تحریر کردہ مختصر ڈرامچے “زہرِ ہلال (Zaher-e-Hilal)” کو پیش کیا گیا، جس میں نوجوان نسل کو نشہ خوری کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کرنے اور انہیں منشیات سے دور رہنے کا مؤثر پیغام دیا گیا۔
یہ پروگرام نوجوانوں میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کے خلاف ایک خصوصی Awareness Programme کے سلسلے میں منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ کے ساتھ ساتھ اسکول کے اساتذہ کرام نے بھی بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
اس مختصر ڈرامچے “زہرِ ہلال” میں جن فنکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان میں طارق جمیل، عارف بٹ، شکیل نقاش، فیاض بٹ، طارق ڈار، انجم شاہ اور نظیر احمد مخدومی شامل تھے۔
پروگرام کے اختتام پر اقبال پبلک ہائی اسکول، صورہ کے پرنسپل جناب متجی صاحب نے دلکش ڈرامٹک کلب کے تمام فنکاروں کی کاوشوں کو سراہا اور خصوصاً محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (DIPR) کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں میں منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے لیے اس اہم پروگرام کو تعاون اور سرپرستی فراہم کی۔
آخر میں دلکش ڈرامٹک کلب کے سربراہ جناب نظیر احمد مخدومی نے اسکول انتظامیہ، محکمہ DIPR، اساتذہ کرام اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تھیٹر اور تھیٹر سے وابستہ فنکار ہمیشہ سماجی بیداری اور عوامی شعور پیدا کرنے والے پروگراموں میں پیش پیش رہے ہیں اور آئندہ بھی معاشرے کو درپیش اہم مسائل کے خلاف اپنی ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف کسی ایک ادارے یا فرد کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کو مل کر نوجوان نسل کو اس تباہ کن لعنت سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا

