کرناہ، 8 ستمبر: چنی پورہ بالا، کرناہ سے تعلق رکھنے والے ریاض احمد میر کو محکمہ پولیس میں ترقی دے کر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DYSP) کے عہدے پر فائز کیے جانے پر کرناہ کے عوامی، صحافتی، سماجی اور علمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کی اس اہم پیشہ ورانہ کامیابی کو علاقے کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
ریاض احمد میر نے اپنی محنت، لگن، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کے ذریعے محکمہ پولیس میں خدمات انجام دیتے ہوئے یہ اہم مقام حاصل کیا ہے۔ ان کی ترقی کو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ چینی پورہ بالا اور پورے کرناہ کے لیے بھی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
کرناہ کی صحافتی برادری نے ریاض احمد میر کو ڈی وائی ایس پی کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صحافتی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے ہوئے محکمہ پولیس اور عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر کرناہ کی معروف سماجی و علمی شخصیات ڈاکٹر جہانگیر دانش، عبدالرشید قریشی، غلام حیدر ندیم، عیوب میر، پیرزادہ سراج الدین اور سماجی کارکن و کالم نگار محمد حفیظ میر نے بھی ریاض احمد میر کو ان کی ترقی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
مبارکباد دینے والی شخصیات نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاض احمد میر کی ترقی ان کی مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناہ جیسے سرحدی اور دور افتادہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کسی نوجوان کا محکمہ پولیس میں اعلیٰ ذمہ داری تک پہنچنا علاقے کے نوجوانوں کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاض احمد میر بطور ڈی وائی ایس پی اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری، شفافیت، فرض شناسی اور عوام دوست رویے کے ساتھ نبھائیں گے اور امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے ازالے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
مبارکباد دینے والوں نے ریاض احمد میر کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں، عزت و وقار اور نیک نامی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی سے کرناہ کا نام بھی روشن ہوا ہے

