کرناہ// سیماری میں پیش آئے المناک سڑک حادثے، جس میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے، کے بعد کرناہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی انفورسمنٹ ڈرائیو تیز کر دی گئی ہے۔ اس دوران پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ کارروائی میں متعدد گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
بدھ کے روز سیکٹر آفیسر کرناہ اور متعلقہ اے آر ٹی او حکام کے تعاون سے ٹنگڈار سمیت کرناہ کے مختلف علاقوں میں خصوصی چیکنگ مہم چلائی گئی، جس کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانا اور سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانا تھا۔
ڈی ایس پی نارتھ کشمیر مجاہد نذیر نے خود موقع پر موجود رہ کر انفورسمنٹ کارروائی کی نگرانی کی۔ ادھر ایس ایس پی کپوارہ کی ہدایت پر ایس ایچ او کرناہ نے مختلف ناکوں اور اہم مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کیے، جہاں گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔
کارروائی کے دوران 10 گاڑیاں ضبط کی گئیں جبکہ ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 27 ای کمپاؤنڈ چالان جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ 3 گاڑیوں کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ 5 معاملات قانونی کارروائی کے لیے عدالت بھیجے گئے۔مزید برآں، 5 ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کے لیے اے آر ٹی او حکام کو سفارش کی گئی۔اے آر ٹی او حکام نے بھی کارروائی کرتے ہوئے 9 گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (آر سی) موقع پر معطل کیے، جبکہ 8 چالان جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ خلاف ورزیوں کی سنگینی کے پیش نظر 2 ڈرائیونگ لائسنس موقع پر معطل کر دیے گئے۔حکام کے مطابق یہ خصوصی مہم سیماری کے حالیہ المناک حادثے کے بعد شروع کی گئی ہے، جس نے کرناہ جیسے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ٹریفک قوانین کی پابندی، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور سڑکوں پر احتیاط کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مشترکہ طور پر مختلف مقامات پر ناکے قائم کرکے خطرناک اور بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔حکام نے واضح کیا کہ کرناہ اور ٹانگدھار میں گاڑیوں کی چیکنگ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی، تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آنے والے حادثات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے
