وقف چیئرپرسن نے مرکزی وزیر کوگزشتہ مالی سال کے دوران مکمل شدہ کاموں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو سے ملاقات کی اور بورڈ کے گُزشتہ سال کےاقدامات اور مستقبل کے روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وقف چیئرپرسن نے گزشتہ مالی سال کے دوران بورڈ کی کامیابیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور اس مالی سال کے دوران اٹھائے جانے والے مستقبل کے منصوبوں اور پروگراموں کے لیے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔ وقف چیئرپرسن نے بورڈ کی تاریخی تبدیلیوں اور اہم منصوبوں پر روشنی ڈالی جس نے جموں و کشمیر کے اندر وقف کے پورے انتظامی ڈھانچے کو تبدیل کر دیا اور اسے پورے ملک میں سرکردہ بورڈ بنا دیا۔ مرکزی وزیر نے بورڈ کے کام کی تعریف کی اور اسے پورے ہندوستان کے لیے ایک ماڈل سسٹم قرار دیا۔ کرن رجیجو نے ڈاکٹر اندرابی کو ان کے دور اندیش منصوبوں اور جرات مندانہ فیصلہ سازی کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے مرکزی وزارت کی طرف سے جموں و کشمیر وقف بورڈ کو اس کے مستقبل کے منصوبوں اور اقدامات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

