.کپواڑہ// کاشرا گوس، کپواڑہ میں آج علی الصبح لطیف بیکری کے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے لطیف بیکری کے ایک گودام اور کارخانے کے دوسرے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں کارخانے میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی املاک، آٹا، گھی، دودھ، بیکری کا خام مال، مشینری اور دیگر ضروری سامان جل کر خاکستر ہو گیا، جس سے مالک کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی ٹیم بروقت موقع پر پہنچ گئی۔ مقامی لوگوں کے تعاون سے اہلکاروں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث آگ قریبی رہائشی بستی تک پھیلنے سے بچ گئی اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی لوگوں اور متاثرہ بیکری کے مالک نے ضلع انتظامیہ، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اور ایم ایل اے کپواڑہ میر محمد فیاض سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان کو مناسب مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ بحال کر سکے۔
