کپواڑہ، 6 اگست: میونسپل کونسل کپواڑہ نے جمعرات کے روز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (SWM) رولز 2026 اور ان کے مؤثر نفاذ کے حوالے سے ٹاؤن ہال کپواڑہ میں ایک صلاحیت سازی (Capacity Building) پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام کا انعقاد سواہا ریسورس مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے کیا گیا۔
تربیتی پروگرام کی قیادت سواہا ریسورس مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیپیسٹی بلڈنگ ایکسپرٹ مسٹر تبریز مدنی نے کی، جبکہ ان کے ساتھ آئی ای سی ٹیم کے سینئر سوچھتا ایگزیکٹو محترمہ مبشر غفار اور جونیئر سوچھتا ایگزیکٹو مسٹر انزر اسحاق بھی موجود تھے۔
پروگرام میں میونسپل کونسل کپواڑہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مسٹر شاہد یوسف بھٹ کے علاوہ میونسپل کونسل کے افسران، فیلڈ عملہ، صفائی نگران، صفائی کارکنان، ڈرائیورز، آؤٹ سورس ملازمین، ٹریڈرز فیڈریشن کے نمائندگان، مختلف اسکولوں کے طلبہ اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔
تربیتی نشست کے دوران شرکاء کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز 2026 کی مختلف شقوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر خاص طور پر گھروں کی سطح پر کچرے کی علیحدگی (Source Segregation)، گھر گھر کچرا جمع کرنے کا نظام، کچرے کی نقل و حمل، ویسٹ پروسیسنگ، سائنسی بنیادوں پر کچرے کو ٹھکانے لگانے، صفائی عملے کی پیشہ ورانہ حفاظت اور سوچھ بھارت مشن (اربن) 2.0 کے تحت عوامی بیداری مہمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
پروگرام میں شہری بلدیاتی اداروں (ULBs) اور شہریوں کی ذمہ داریوں، بلک ویسٹ جنریٹرز (BWGs) کے مؤثر انتظام، میٹیریل ریکوری فیسلٹیز (MRFs) کے آپریشن، گھریلو کمپوسٹنگ کے فروغ اور غیر مرکزی سطح پر کچرے کی پروسیسنگ جیسے اہم موضوعات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او میونسپل کونسل کپواڑہ، مسٹر شاہد یوسف بھٹ نے ٹیم ورک، عوامی شمولیت اور کچرے کے بہتر انتظامی طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوچھ بھارت مشن (اربن) 2.0 کے تحت گاربیج فری سٹی (GFC) کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور شہریوں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے ماہرین سے مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا اور کپواڑہ کو مزید صاف، صحت مند اور پائیدار شہر بنانے کے لیے صفائی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
