رناہ //سیماری ٹیٹوال میں پیش آئے ایک انتہائی دلخراش سڑک حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی خبر پھیلتے ہی پورے کرناہ میں غم و تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح تقریباً ساڑھے نو بجے اسکارپیو گاڑی نمبر JK07-1299 زیرِ انتظام آخری گاؤں سیماری سے ٹیٹوال کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں اچانک حادثے کا شکار ہوگئی اور سڑک سے لڑھک کر دریائے کشن گنگا میں جا گری۔ گاڑی میں مجموعی طور پر 11 افراد سوار تھے، جن میں سے پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چھ افراد شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹنگڈار منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد اور مرہم پٹی کے بعد شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سری نگر منتقل کیا گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 32 سالہ محمد ادریس ولد قیصر دین، ان کی 9 ماہ کی کمسن بیٹی خمیزہ بانو دختر محمد ادریس، 30 سالہ سعیدہ بیگم زوجہ محمد ادریس، 55 سالہ شبیر احمد اور 27 سالہ راجہ ارشاد ولد مجید خان کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد سیماری، چلہانہ اور بھگوان کے رہنے والے تھے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں مشتاق احمد ، خورشید احمد جاوید احمد ساکن ، عائشہ حمید اعجاز منظور ساکن سمیت ایک کمسن بچہ شامل ہیں۔جن کو علاج ومعالجہ کےلیے وادی منتقل کر دیا گیا ہے ۔شام دیر گئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو ٹیٹوال، سیماری اور بھگوان کڑہامہ میں اشکبار آنکھوں کے بیچ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں، رشتہ داروں، دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر پورا علاقہ سوگوار نظر آیا، جبکہ لواحقین اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال تھے۔ فضا میں ہر سو آہ و بکا اور رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ پورے کرناہ سے لوگ لواحقین سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کے لیے پہنچ گئے اور غمزدہ خاندانوں کو ڈھارس بندھاتے رہے۔ اہلِ علاقہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک نظر آئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر کپواڑہ شری کانت بالا، ایس ایس پی کپواڑہ سید ظاہر گیلانی، ایس ڈی ایم کرناہ محمد ریاض، تحصیلدار کرناہ اور محکمہ ٹریفک کے افسران نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ افسران نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مقامی ممبر اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ انتظامیہ سے زخمیوں کے لیے بہتر اور معیاری طبی علاج کا مکمل بندوبست کرنے کی اپیل بھی کی۔
اس المناک حادثے پر سابق ممبر اسمبلی کرناہ کفیل الرحمن، ایڈووکیٹ راجہ منظور، بار ایسوسی ایشن کرناہ کے صدر قاضی محبوب الٰہی اور سول سوسائٹی کرناہ سمیت مختلف سیاسی، سماجی، تجارتی، تعلیمی اور ادبی تنظیموں سے وابستہ افراد نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی

