کرناہ// لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع ہندوستان کے پہلے گاؤں سیماری میں جموں و کشمیر پولیس ضلع کپواڑہ کی جانب سے پہلی بار ایکتا دیوس پریڈ کی براہِ راست نشریات کا اہتمام کیا گیا۔ یہ نشریات گجرات کے ایکتا نگر سے دکھائی گئیں، جہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پر قومی یکجہتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر سیماری اور کرناہ کے دیگر ملحقہ دیہات سے تعلق رکھنے والے تقریباً 500 افراد، جن میں بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، نے شرکت کی اور براہِ راست نشریات کے ذریعے قومی تقریب کا مشاہدہ کیا۔اس پروگرام کا مقصد سرحدی علاقوں کے لوگوں کو قومی سطح کی تقریبات سے جوڑنا اور ان میں اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔یہ پروگرام ضلع پولیس کپواڑہ نے پولیس اسٹیشن کرناہ کے اشتراک سے منعقد کیا، جس میں مقامی لوگوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

