فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ بھرتی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
سرینگرßسرینگر میں فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ بھرتی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کرتے ہوئے علمائے احناف جموں کشمیر کے صدر اور سرکردہ خطیب مولانا اخضر حسین نے کہا ہے کہ ہم ان طلبہ کو تن تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ اس احتجاج میں شامل ہوئے آغا روح اللہ نے طلبہ کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے لھٰذا ہمارا فرض بھی بنتا ہے کہ ہم طلبہ کی حمایت کریں ۔ انہوںنے بتایا کہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مولانا اخضر حسین نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو چاہئے کہ وہ اس معاملے میں اپنا موقف واضح کریں کیوں کہ بقول وزیر اعلیٰ کے یہ معاملہ ان کے حد اختیار میں نہیں تو کم سے کم طلبہ کے حق میں آواز تو بلند کرسکتے ہیں ۔ مولانا اخضر نے اس سلسلے مین لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر ضروری کارروائی کریں تاکہ طلبہ کا مستقبل خراب نہ ہو۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے 15 نومبر کو منعقدہ فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ بھرتی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد امیدوار احتجاج کر رہے ہیں اور معاملے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

